25 لاکھ روپے کی ڈکیتی معاملے میں پانچ گرفتار
جدید بھارت نیوز سروس
جمشیدپور،19؍اکتوبر:جمشید پور پولیس نے ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے 9 اکتوبر کی شام کو رام نگر روڈ نمبر 2، کدما تھانہ علاقہ پر نرسنگ ہوم کے مالک دیپراج داس کے گھر پر ہوئی ڈکیتی کی واردات کو حل کر لیا ہے۔ سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کمار شواشیش نے ہفتہ کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ڈکیتی کا ماسٹر مائنڈ جگسلائی کا اسرافیل تھا۔ اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ڈکیتی کی منصوبہ بندی کی تھی اور ایک ہفتہ پہلے سے گھر کی تلاشی لیتا رہا جس کے بعد واردات کو انجام دیا گیا۔پولیس نے اس معاملے میں پانچ ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جب کہ دیگر فرار ہیں۔ گرفتار نوجوانوں میں برسانگر کے کرشنا لوہرا عرف پاڑی، کنال سنگھ منڈا، آدتیہ پور کے سیوراج سنگھ عرف جسے پاجی اور ملت نگر جگسلائی کے فہیم عالم شامل ہیں۔ واردات میں محمد صدام کا ایک ٹیمپو اور ایک اسکوٹر استعمال کیا گیا۔ گرفتار نوجوانوں کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر پولیس نے جرائم میں استعمال ہونے والااسلحہ اور کچھ اشیاء برآمد کر لیں۔ تاہم چوری شدہ زیورات سے صرف ایک کڑا اور ایک گھڑی برآمد ہوئی۔قابل ذکر ہے کہ 9 اکتوبر کو شام تقریباً 30:7 بجے مسلح مجرموں نے دیپراج داس کے گھر پر دھاوا بول دیا تھا۔ ملزمان نے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔ تمام ملزمان اس واردات کو انجام دینے کے لیے آٹو اور اسکوٹر پر آئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ جلد ہی ان سب کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا جائے گا۔



