لاتیہار، 12 اپریل (ہ س)۔ ضلع کے بالومتھ تھانہ علاقہ کے تحت ہریجن ٹولہ کے قریب جمعہ کی رات نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر بائک سوار رمیش اوراوں (38) ہلاک ہوگیا۔ اس واقعہ کے خلاف احتجاج میں مشتعل لوگوں نے کوئلہ ٹرانسپورٹ میں لگے ایک ہائیوا کو جلا دیا۔ متوفی رمیش اوراوں ہرہنج تھانہ علاقہ کے لاواگڑا گاوں کا رہنے والا تھا۔موصولہ اطلاع کے مطابق رمیش اوراوں کسی کام سے بالومتھ گیا تھا۔ جمعہ کی رات وہ بائک پر اپنے گاوں لوٹ رہا تھا۔ اسی دوران ہریجن نٹولہ کے قریب نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس میں موٹر سائیکل سوار رمیش اوراوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کے بعد مشتعل افراد نے سڑک بلاک کردی۔ اسی دوران کوئلے کی نقل و حمل میں مصروف ایک ہائیوا میں آگ لگا دی۔ آگ لگنے سے گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد ڈی ایس پی ونود روانی کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی۔ کافی کوشش کے بعد پولیس نے لوگوں کو سمجھا کر سڑک جام کھلوایا۔ اس کے بعد پولیس نے متوفی کی لاش کو قبضے میں لے لیا۔ تاہم پولیس کی جانب سے گاڑی میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں بھی کی گئیں۔ لیکن آگ نے خوفناک شکل اختیار کر لی تھی۔ جس کی وجہ سے گاڑی مکمل طور پر جل گئی۔ اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور حادثے کی وجہ بننے والی گاڑی کی شناخت کے لیے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ گاوں والوں کا کہنا تھا کہ مرنے والوں کے لواحقین کو فوری معاوضہ دیا جائے۔ ساتھ ہی بے قابو گاڑیوں کے لیے رفتار کی حد مقرر کی جائے اور اس رفتار کی حد کو سختی سے نافذ کیا جائے۔



