وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری کی سخت ہدایت
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،30؍مارچ: جھارکھنڈ کے نظامِ صحت کو مزید بااختیار، حساس اور عوامی امنگوں کے مطابق بنانے کی سمت میں آج ایک اہم قدم اٹھایا گیا۔ ریاست کے وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے رانچی میں واقع بھگوان مہاویر منی پال ہسپتال میں جدید (اپ گریڈڈ) ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر موصوف نے صاف لفظوں میں کہا کہ ریاستی حکومت کی اولین ترجیح غریبوں، محروموں اور ضرورت مندوں کو بہتر اور باوقار طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ “میری خواہش ہے کہ آپ سب خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کریں، تاکہ غریب اور پسماندہ طبقے کو اس کا براہِ راست فائدہ ملے۔ خدمت ہی ہماری پہچان ہونی چاہیے۔”وزیر صحت نے اپنے دورِ اقتدار میں ہونے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت میں وسیع اصلاحات لانے کے لیے مسلسل ٹھوس کوششیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ “آج پوری ریاست میں طبی خدمات میں بڑی تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے اور عوام کا اعتماد پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔”سخت پیغام دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ “کسی مریض کی موت کے بعد اس کے لواحقین سے بل وصول کرنا غیر انسانی فعل ہے۔ ایسے معاملات میں بل معاف کیا جائے یہ میری واضح ہدایت ہے، اور اس پر سختی سے عمل ہونا چاہیے۔”انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت طبی اداروں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے، لیکن لاپرواہی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ خدمت کے جذبے سے کام کریں، حکومت ہر ممکن تعاون دے گی، لیکن لاپرواہی پر سخت کارروائی طے ہے۔”وزیر صحت نے ہسپتال کی اس پہل کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جدید ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ رانچی میں تیز رفتار، موثر اور زندگی بچانے والی طبی خدمات کو نئی مضبوطی فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ؎”ہنگامی صورتحال میں ہر منٹ اہم ہوتا ہے۔ جدید سہولیات اور تربیت یافتہ طبی ٹیم کئی زندگیاں بچانے میں فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے۔” #HarGharEm ergencyReady مہم کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے عام شہریوں کو بھی بیدار اور تربیت یافتہ ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ “آج وقت کا تقاضا ہے کہ نہ صرف ہسپتال، بلکہ عام لوگ بھی CPR اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔”وزیر موصوف نے اس بات کو دہرایا کہ ریاستی حکومت طبی خدمات کو زیادہ قابل رسائی، جوابدہ اور موثر بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے، تاکہ ہر شہری کو بروقت اور باوقار علاج میسر آ سکے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ پہل رانچی کو ایک محفوظ، بیدار اور صحت کے حوالے سے بااختیار شہر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔آخر میں وزیر موصوف نے بھگوان مہاویر منیپال ہسپتال کی پوری ٹیم کو اس اہم اقدام پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ “یہ صرف ایک سہولت کی توسیع نہیں، بلکہ انسانیت کی خدمت کی سمت میں ایک بڑا قدم ہے۔”



