گنگا جمنی تہذیب کے نظارے کے ساتھ ریاست کی خوشحالی کیلئے دعائیں مانگی گئیں
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 11؍ مارچ:رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے موقع پر بدھ کو ریاستی کانگریس بھون رانچی میں دعوتِ افطار کا اہتمام کیا گیا اور جھارکھنڈ کی خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ یہ پروگرام جھارکھنڈ پردیش کانگریس اقلیتی شعبہ کے چیئرمین منظور انصاری کی قیادت میں منعقد ہوا۔ دعوتِ افطار میں جھارکھنڈ پردیش کانگریس کے انچارج کے راجو، پردیش کانگریس صدر کیشو مہتو کملیش، کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈر پردیپ یادو، وزراء دپیکا پانڈے سنگھ، ڈاکٹر عرفان انصاری، شلپی نیہا ترکی، سابق مرکزی وزیر سبودھ کانت سہائے، جے ایم ایم سے وزیر حفیظ الحسن سمیت اتحاد کے کئی اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر موجود تمام لوگوں نے علاقے میں امن و امان، خوشحالی اور باہمی ہم آہنگی کی دعا کی۔ وہیں افطار پارٹی میں رانچی مہانگر کانگریس اقلیتی شعبہ کے صدر حسین خان نے تمام مہمانوں اور روزہ دار بھائیوں کا ٹوپی اور گمچھا دے کر استقبال کیا۔ افطار سے قبل مولوی صاحب نے دعا پڑھائی اور ریاست جھارکھنڈ میں امن و سکون کے لیے دعا مانگی گئی۔ جھارکھنڈ پردیش کانگریس اقلیتی شعبہ کے چیئرمین منظور انصاری نے کہا کہ آج کانگریس بھون رانچی میں منعقدہ افطار پارٹی میں گنگا جمنی تہذیب کا نظارہ دیکھنے کو ملا۔ معاشرے کے تمام طبقات مل جل کر تہوار منانا پسند کرتے ہیں۔ رمضان کا مہینہ رحمت، برکت اور مغفرت کا مہینہ ہے۔ اس مقدس مہینے میں روزہ رکھ کر عبادت کرنے کے ساتھ ساتھ غریب اور ضرورت مند لوگوں کی مدد کرنا اسلام کی اہم تعلیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگراموں سے معاشرے میں باہمی محبت، بھائی چارہ اور اتحاد کا جذبہ مضبوط ہوتا ہے۔پردیش کانگریس صدر کیشو مہتو کملیش نے کہا کہ رمضان ہمیں تحمل، صبر اور انسانیت کا پیغام دیتا ہے۔ روزہ رکھنے سے انسان کے اندر روحانی پاکیزگی آتی ہے اور صحت کو بھی فائدہ پہنچتا ہے۔اس موقع پر اقلیتی کمیشن کے نائب صدر شمشیر عالم، گؤ سیوا آیوگ کے صدر راجیو رنجن پرساد، مارکیٹنگ بورڈ کے صدر رویندر سنگھ، دفتر کے انچارج ابھیلاش ساہو، راجن ورما، میڈیا انچارج راکیش سنہا، میڈیا چیئرمین ستیش پال منجنی، سونال شانتی، راکیش کرن مہتو، سوریا کانت شکلا، ستیش کیڈیا، امیش گپتا، اختر علی، محمد حسنین، عبدالقادری، محمد فیروز، محمد صفار، شہید انصاری سمیت رانچی شہر سے سینکڑوں روزہ دار شریک ہوئے۔



