ایک کروڑ مالیت کی 20 کلو افیون برآمد؛3 اسمگلر گرفتار
جدید بھارت نیوز سروس
ہزاریباغ،23؍جنوری: منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے 20 کلو 500 گرام افیون ضبط کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس کاروبار سے وابستہ تین اسمگلروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ تینوں اسمگلروں کا تعلق چترا ضلع سے ہے۔دراصل، ہزاری باغ ایس پی کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ موٹر سائیکل پر بھاری مقدار میں افیون کی اسمگلنگ کی جا رہی ہے۔ اس اطلاع کی بنیاد پر ایک ایس آئی ٹی (SIT) تشکیل دی گئی، جس نے کول گھٹی کے علاقے میں تلاشی مہم چلائی۔چیکنگ کے دوران کول گھٹی کے مالتی ٹانڑ میں ایک موٹر سائیکل پر تین نوجوانوں کو آتے دیکھا گیا، جنہیں ٹیم نے جانچ کے لیے روک لیا۔ جب ایس آئی ٹی نے سفید بورے کی تلاشی لی تو اس میں بھاری مقدار میں افیون برآمد ہوئی۔ پولیس نے جب ضبط شدہ افیون کا وزن کیا تو وہ تقریباً 20 کلو 500 گرام نکلی۔ہزاری باغ ایس پی انجنی انجن کی ہدایت پر بنائی گئی ٹیم کو یہ کامیابی ملی ہے۔ گرفتار ملزمان میں دیپک کمار، ورون کمار اور سودیش یادو شامل ہیں۔ ان تینوں کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان ہیں اور یہ سب چترا ضلع کے گدھور تھانہ علاقے کے رہنے والے ہیں۔ صدر ایس ڈی پی او امت آنند کے مطابق ضبط شدہ افیون کی قیمت تقریباً 1 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔



