رانچی میں 11 جنوری کو وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں ہوگا پروگرام ، انتظامی تیاریوں کا جائزہ اجلاس مکمل
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 8 جنوری:۔ دیشوم گرو شیبو سورین کے یومِ پیدائش کے موقع پر 11 جنوری 2026 کو ٹانا بھگت اسٹیڈیم، کھیل گاؤں، رانچی میں ’’گرو جی اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ یوجنا‘‘ کے تحت ایک مکالمہ پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس پروگرام میں وزیر اعلیٰ جھارکھنڈ ہیمنت سورین ریاست کے دسویں سے بارہویں جماعت کے طلبہ و طالبات سے براہِ راست گفتگو کریں گے۔ ضلع مجسٹریٹ و ڈپٹی کمشنر رانچی منجوناتھ بھجنتری نے بتایا کہ اس پروگرام کے ذریعے دسویں تا بارہویں جماعت میں زیرِ تعلیم طلبہ کو گروجی اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ اسکیم کے فوائد سے روشناس کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم ریاستی حکومت کی ایک اہم پہل ہے، جس کا مقصد طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
انتظامی تیاریوں پر اعلیٰ سطحی اجلاس
پروگرام کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر منجوناتھ بھجنتری کی صدارت میں متعلقہ افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پروگرام کے کامیاب اور منظم انعقاد سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے پروگرام مقام پر سیکورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، پارکنگ، اسٹیج اور پنڈال کی تعمیر، نشستوں کا مناسب انتظام، پینے کے پانی، بیت الخلا، صفائی، بجلی کی فراہمی، فائر سیفٹی، طبی سہولیات اور ہنگامی خدمات کو مضبوط بنانے کی ہدایات دیں۔
طلبہ کی آمد و رفت اور رجسٹریشن پر خصوصی توجہ
انہوں نے ہدایت دی کہ طلبہ کی آمد و رفت اور انخلا کا نظام منظم ہو، رجسٹریشن کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کیا جائے اور اسکیم سے متعلق تمام ضروری دستاویزات اور معلومات پیشگی طور پر تیار رکھی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہر افسر اپنی ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے ادا کرے اور مقررہ وقت کے اندر تمام تیاریاں مکمل کی جائیں تاکہ پروگرام کے دوران کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
متعدد محکموں کے اعلیٰ افسران کی شرکت
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، شہری و ٹریفک پولیس سپرنٹنڈنٹ، پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی ٹی ڈی اے، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (قانون و نظم)، سب ڈویژنل آفیسر صدر، ضلع سپلائی آفیسر، ضلع ٹرانسپورٹ آفیسر، ضلع پنچایتی راج آفیسر، میونسپل کارپوریشن کے نائب منتظم، ضلع اطلاعات و تعلقات عامہ افسر، ضلع سماجی بہبود افسر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل سیکیورٹی، ضلع ایجوکیشن آفیسر، ضلع ایجوکیشن سپرنٹنڈنٹ، ضلع اسپورٹس آفیسر اور لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر سمیت دیگر افسران موجود تھے۔



