وزیر اعلیٰ ہیمنت کی قیادت میں UKدورے پر نمائندہ وفد کی Historic England کے ساتھ اہم ملاقات
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 23 جنوری:۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی قیادت میں یو کے دورے پر جانے والے جھارکھنڈ سرکار کے نمائندہ وفد نے آج Historic England کے ساتھ ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد ریاست کی قدیم اور قبائلی وراثت، تحقیق، ثقافتی سیاحت اور تحفظ کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی غور و خوض کرنا تھا۔
میگالیتھک اور مونولیتھک وراثت
ملاقات کے دوران میگالیتھ، مونولیتھ، قدیم مناظر اور فوسل پارکس کے تحفظ سے متعلق عالمی بہترین طریقہ کار، سائنسی دستاویزات، تحفظ کے منصوبے، وضاحتی حکمت عملی اور کمیونٹی پر مبنی وراثت کے انتظام پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ کو ایووبری اور اسٹون ہینج جیسے عالمی شہرت یافتہ مقامات کے دورے کے لیے خصوصی دعوت نامہ بھی دیا گیا۔
جھارکھنڈ کی منفرد وراثت
اس موقع پر وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کہا کہ جھارکھنڈ ملک کے اُن سرکردہ علاقوں میں شامل ہے جہاں میگالیتھک روایات آج بھی زندہ ہیں اور کمیونٹی کے روزمرہ زندگی سے جڑی ہوئی ہیں۔ ملاقات میں ریاست کے اہم وراثتی مقامات، بشمول پکڑی برواڈیہہ (ہزاری باغ)، جو سورج کی حرکت کے مطابق ایک مخصوص میگالیتھک کمپلیکس ہے، ماندار فوسل پارک، صاحب گنج، اور ریاست کے مختلف اضلاع میں پھیلے مونولیتھ، راک آرٹ اور پتھریلے یادگاروں کو تفصیل سے پیش کیا گیا۔
عالمی منظرنامے پر جھارکھنڈ
ملاقات کے دوران نمائندہ وفد نے “Sentinels of Time” کے عنوان سے شائع شدہ ایک کافی ٹیبل بک بھی پیش کی، جس میں جھارکھنڈ کے میگالیتھک اور فوسل مناظر کو تحقیقاتی مضامین اور بصری دستاویزات کے ذریعے اجاگر کیا گیا تاکہ ریاست کی منفرد قدیم وراثت کو عالمی سطح پر نمایاں کیا جا سکے۔ ملاقات میں وزیر سدویہ کمار، جھارکھنڈ اسمبلی کی خواتین و بچوں کی ترقی کمیٹی کی چیئرپرسن کلپنا مرمو سورین، چیف سیکرٹری اویناش کمار، ہوم سیکرٹری وندنا ڈاڈیل، انگلینڈ کی نائب چیف ایگزیکٹو کلاؤڈیا کینیاٹا، بھارتی ہائی کمیشن، کولکتہ، English Heritage Trust، National Trust اور Natural England کے نمائندے بھی موجود تھے۔



