سدگوڑہ میں غیر قانونی ری فلنگ کا انکشاف؛ انتظامیہ نے دکان کو کیا سیل
جدید بھارت نیوز سروس
جمشیدپور،27؍مارچ: گیس سلنڈر کی قلت اور ذخیرہ اندوزی کی موصول ہونے والی شکایات کے بعد انتظامیہ نے جمشید پور کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی گیس ایجنسیوں اور گوداموں کا گہرا معائنہ کرنے کی مہم چلائی۔ ڈپٹی کمشنر کرن ستیارتھی کی ہدایت پر سب ڈویژنل آفیسر دھالبھوم ارنو مشرا اور اے ڈی ایم لاء اینڈ آرڈر راہل آنند کی قیادت میں یہ کارروائی کی گئی۔ حکام کی ٹیم نے شہری علاقے کے مانگو، ڈمنا، ٹیلکو اور سدگوڑہ علاقوں میں واقع گیس ایجنسیوں کی دکانوں اور گوداموں کی جانچ کی۔ اس دوران گیس سلنڈروں کے اسٹاک، سپلائی کے نظام، اسٹوریج، بکنگ اور ڈیلیوری سسٹم کے ساتھ ساتھ حفاظتی معیارات، لائسنس اور دیگر ضروری دفعات کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔
معائنے کے دوران سدگوڑہ علاقے میں گیس چولہا مرمت کی ایک دکان میں غیر قانونی طور پر گیس ری فلنگ کرنے کا معاملہ سامنے آیا۔ اس پر انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ دکان کو فوری طور پر سیل کر دیا۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ گیس کی ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ساتھ ہی ایجنسیوں اور گوداموں میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا قوانین کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عام لوگوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس طرح کے معائنے مستقبل میں بھی مسلسل جاری رہیں گے۔



