جدید بھارت نیوز سروس
سمڈیگا ، 5؍اپریل: سمڈیگا پولیس نے مویشیوں کی اسمگلنگ کے ایک بڑے معاملے میں مفرور ملزم کو اوڈیشہ کے شہر پوری سے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر رنویر سنگھ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کچھ دن پہلے کیرسئی تھانہ علاقہ سے پولیس نے اسمگلنگ کے لیے لے جائے جا رہے 200 سے زائد مویشیوں کو ضبط کیا تھا۔ اس معاملے میں نامزد ایف آئی آر ملزم سنجے سندھیا واقعے کے بعد سے مفرور چل رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ایس پی سمڈیگا کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ مفرور ملزم اوڈیشہ کے پوری میں چھپا ہوا ہے۔ اطلاع کی بنیاد پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر کی قیادت میں ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے پوری میں واقع ‘شکنتلا ہوٹل‘سے ملزم سنجے سندھیا کو گرفتار کر لیا۔ ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف پہلے سے ہی آرمز ایکٹ اور گائے کی اسمگلنگ کے تقریباً ایک درجن مقدمات درج ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سنجے سندھیا مویشی اسمگلروں سے پیسے لے کر ان کی مدد کرتا تھا۔ فی الحال پولیس نے اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔



