بوکارو، 9 اپریل (یو این آئی) ڈمری کے ایم ایل اے جے رام مہتو نے جھارکھنڈ کے بوکارو اسمبلی حلقہ سے کانگریس ایم ایل اے شویتا سنگھ اور ان کے حامیوں کے خلاف بوکارو اسٹیل سٹی تھانے میں فوجداری مقدمہ درج کرایا ہے۔پولس ذرائع نے بدھ کے روز یہاں بتایا کہ 3 اپریل کو بے گھر وں کی تحریک کے دوران ایک بے گھر شخص کی موت کے بعد جے رام مہتو موقع پر پہنچے تھے۔ جائے وقوعہ پر ایم ایل اے شویتا سنگھ کے حامیوں نے جے رام مہتو کو روکنے کی کوشش کی اور جب انہوں نے مزاحمت کی تو ان کے ساتھ دھکا مکی کی گئی اور ان کی گاڑی کو نقصان پہنچایا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ جے رام مہتو نے الزام لگایا ہے کہ حامیوں نے ایم ایل اے شویتا سنگھ کے کہنے پر ایسی حرکت کی ہے۔ بوکارو ایم ایل اے شویتا سنگھ نے کہا کہ سب سے پہلی بات یہ کہ مسٹر جیرام مہتو بوکارو اسٹیل پلانٹ کی انتظامیہ کے حق میں کام کرنے آئے تھے۔ بے گھروں کی تحریک کو کچلنے کے لیے انہوں نے بوکارو میں آتش زنی کا حکم دیا اور بے گھر وں کی تحریک کو کچلنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر لوگ اس مذموم حرکت کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ بوکارو میں بے گھر ہونے والوں کے احتجاج کے بعد پولیس نے اس سلسلے میں بوکارو کے مختلف تھانوں میں چھ سے زائد مقدمات درج کیے ہیں۔ اس تحریک کے دوران ہلاک ہونے والے پریم مہتو کے والد نے بوکارو اسٹیل لمیٹڈ کے متعدد اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف قتل کا مقدمہ بھی درج کرایا ہے۔واضح رہے کہ 3 اپریل کو بے گھروں کی تحریک میں پریم مہتو کے مارے جانے کے بعد، بے گھر لوگوں نے اگلے روز بوکارو بند کا اعلان کیا تھا۔ اس دوران مشتعل افراد نے متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی اور کئی فریقوں کے درمیان جھڑپوں کے واقعات بھی رونما ہوئے۔ پولیس نے یہ مقدمات درج کرکے معاملے کی چھان بین شروع کردی ہے۔



