یہ رسمی نہیں، بڑے بھائی سے جذباتی ملاقات ہے”:ڈاکٹر عرفان
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،12؍اپریل: جھارکھنڈ کے معزز وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے آج ریاست کے وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے خیر سگالی ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر انصاری نے اس ملاقات کو رسمی بتانے کے بجائے اسے چھوٹے بھائی کی اپنے بڑے بھائی سے جذباتی اور دلی ملاقات قرار دیا۔ملاقات کے دوران ریاست کے شعبہ صحت میں جاری اسکیموں، مفاد عامہ کے اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملیوں پر بامقصد گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ریاست کی مجموعی ترقی، صحت کی خدمات کی مضبوطی اور عام عوام تک بہتر سہولیات پہنچانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کو دہرایا۔اس سلسلے میں ڈاکٹر عرفان انصاری نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ افواہیں پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ان کے نظریہ اور مقاصد مکمل طور پر ایک ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جناب راہل گاندھی اور ہیمنت سورین دونوں ہی عوامی مفاد، انصاف اور ترقی کی راہ پر گامزن رہنما ہیں، جو ایک دوسرے کے تکمیلی ہیں اور ملک و ریاست کو نئی سمت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ڈاکٹر انصاری نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت عوامی مفاد کے مسائل پر پوری طرح مرکوز ہے اور کسی بھی قسم کی گمراہ کن خبروں سے متاثر ہوئے بغیر ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا۔



