جدید بھارت نیوز سروس
دھنباد،30؍دسمبر: دھنباد کی پولیس انتظامیہ نئے سال کی سکیورٹی تیاریوں میں مصروف ہے۔ SSP پربھات کمار نے ہلڑ بازی کرنے والوں اور قانون توڑنے والوں کو سخت وارننگ دی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں اور جشن منانے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی بھی کام نہ کریں جس سے آپ کے نئے سال کا آغاز تھانے کی حوالات سے ہو۔ خوشی کے نام پر ہلڑ بازی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر پولیس کی گہری نظر ہے۔ سڑکوں پر شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کے خلاف خصوصی تلاشی مہم چلائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے اہم پکنک مقامات جیسے میتھن ڈیم، پنچیت ڈیم اور دیگر جگہوں پر سکیورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام پر ہجوم پکنک مقامات پر مجسٹریٹ کے ساتھ خصوصی پولیس فورس تعینات رہے گی۔ ڈیموں اور جھیلوں پر غوطہ خور بھی تعینات رہیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو فوری طور پر روکا جا سکے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ نئے سال کا جشن پرامن طریقے سے منائیں۔ آبی ذخائر کے کنارے سیلفی لینے اور گہرائی میں جانے سے گریز کریں۔اسی دوران ایس ایس پی نے منگل کو دھنباد تھانہ احاطے میں جاری تعمیراتی کاموں اور نئے کنٹرول روم کا معائنہ کیا۔ وہاں سول ورکس کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ٹھیکیدار اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کام میں معیار اور رفتار کا خاص خیال رکھیں، تاکہ ضلع کے نگرانی کے نظام کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔



