جدید بھارت نیوز سروس
جمشید پور 2 جولائی 2025 (راست ) کریم سٹی کالج، ساکچی، جمشید پور میں ایک تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا جس میں پرنسپل ڈاکٹر محمد ریاض نے “سمر ویکیشن سرٹیفکیٹ کورس” مکمل کرنے والے طلباء کو اسناد تقسیم کیں۔ کالج کے ثقافتی اور ادبی ادارے “اسپارک” (سوسائٹی فار پروموشن آف آرٹ اینڈ کلچر) کے زیراہتمام 30 گھنٹے پر مبنی سمر ویکیشن سرٹیفکیٹ کورسز چلائے گئے جس میں 43 طلباء نے داخلہ لیا۔ 21 طلبہ نے انگلش اسپیکنگ کورس، 15 طلبہ نے عربی خطاطی اور 07 طلبہ نے اردو رسم الخط کا کورس کیا۔ اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر محمد ریاض نے طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے دیگر لوگوں کی طرح گرمیوں کی چھٹیاں یوں ہی نہیں گزاریں بلکہ اس کا صحیح استعمال کیا اور ایک نئی قسم کی تعلیم حاصل کی۔ پرنسپل نے یہ وعدہ بھی کیا کہ ہم نہ صرف اپنے طلباء کے لیے بلکہ معاشرے کے ہر دلچسپی رکھنے والے فرد کے لیے بھی ایسے کورسز چلائیں گے جس سے معاشرے کی بھلائی ہو سکے۔طلباء سے خطاب کرتے ہوئے “اسپارک” کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ایس ایم یحییٰ ابراہیم نے کہا کہ آپ نے جو کچھ بھی سیکھا ہے وہ آپ کے لیے ایک انمول دولت ہے اور اس کی حفاظت کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔ مطلب یہ ہے کہ آپ اسے استعمال کریں اور اسے عملی جامہ پہنائیں۔ان کے علاوہ تینوں کورسز کے اساتذہ پروفیسر اے کے داس، پروفیسر محمد عیسیٰ، پروفیسر ساکیت کمار اور شہناز پروین اور ثریا پروین نے بھی طلبہ سے خطاب کیا۔ انہوں نے انہیں مبارکباد دی اور اپنی بے پناہ خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ طلباء نے بھی کالج کی ایسی کاوشوں کو سراہا اور اپنے اساتذہ کی تعریف کی۔



