جدید بھارت نیوز سروس
رانچی2 اپریل: وقف بل ہمارے آئین پر سیدھا حملہ ہے۔ یہ دن تاریخ میں سیاہ حروف سے لکھا جائے گا۔ تاریخ بی جے پی کو کبھی معاف نہیں کرے گی جس نے ملک کو افراتفری میں ڈالا ہے۔ ہندوستانی ہمیشہ سے امن کی علامت رہے ہیں لیکن بی جے پی نے پورے ملک کو برباد کر دیا ہے۔ ملک میں امن و آشتی کے بجائے صرف نفرت اور ہندو مسلم تقسیم ہے جبکہ دنیا سائنس کے میدان میں آئے روز تاریخ رقم کرنے کو بے تاب ہے۔ اس کے برعکس مودی حکومت کسی ایک طبقے کے حقوق چھیننے پر تلی ہوئی ہے۔ یہ بل غیر آئینی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ یہ بل زبردستی پارلیمنٹ میں لایا گیا ہے، جس کا مقصد اقلیتوں کے حقوق چھیننا ہے۔ آج حکومت کی نظر ایک مخصوص طبقہ کی زمینوں پر ہے تو کل اس کی نظر سماج کی دوسری اقلیتوں کی زمینوں پر ہوگی۔ یہ حکومت آمرانہ رویہ اپنا کر جمہوری اقدار کو کچل رہی ہے۔ سیکولر لباس پہن کر گھی پینے والے نتیش نائیڈو اور چراغ کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔ عوام ان کی سازشوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں اور وقت آنے پر ان کا محاسبہ کریں گے۔ یہ بل مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور ہم اسے یکسر مسترد کرتے ہیں۔ اس کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور ہم ہر آئینی اور پرامن طریقے سے اس ناانصافی کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔



