نکسلی اپنے ہتھیاروں کے ساتھ سرنڈر کر دیں، ورنہ مارے جائیں گے
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 21 اپریل:۔جھارکھنڈ کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس نے بوکارو میں سی پی آئی ماؤنوازوں کے ساتھ سیکوریٹی فورسس کے انکاؤنٹر میں 8 نکسلائیٹس کی ہلاکت پر اپنا رد عمل دیا ہے۔ ڈی جی پی انوراگ کمار گپتا نے 8 نکسلیوں کو مارنے پر سیکورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے نکسلیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے ہتھیار چھوڑ دیں۔ پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دو۔ اگر وہ ہتھیار نہیں ڈالتے تو پولیس کو ان کے ہر ٹھکانے کا علم ہے۔ پولیس اس کی ہر سرگرمی پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ہتھیاروں کے ساتھ گھومنے والے ہر نکسلی کا یہی حشر ہوگا۔
پہلی بار ایک کروڑ کے انعامی کے ساتھ 8 نکسلی مارے گئے
ڈی جی پی نے کہا کہ علحدہ جھارکھنڈ ریاست کے قیام کے بعد پہلی بار پولس نے 8 نکسلیوں کو ہلاک کیا ہے جس میں ایک مرکزی کمیٹی ممبر بھی شامل ہے جس پر ایک کروڑ روپے کا انعام ہے۔ ان میں مرکزی کمیٹی کے ارکان وویک عرف پریاگ مانجھی، صاحب رام مانجھی اور اروند یادو شامل ہیں۔ وویک پر ایک کروڑ روپے، صاحب رام پر 10 لاکھ اور اروند یادو پر 3 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔ 5 دیگر نکسلیوں کو بھی پولیس نے مار دیا ہے۔
چائباسہ میں شہید سپاہی کا بدلہ لیا گیا : ڈی جی پی
ڈی جی پی انوراگ گپتا نے جھارکھنڈ پولیس ہیڈکوارٹر میں کہا، ‘ہم نے چائباسہ میں سپاہی کی شہادت کا بدلہ لیا ہے۔ اب ہماری پوری توجہ چائباسہ میں نکسلیوں کو ختم کرنے پر مرکوز رہے گی۔ ڈی جی پی نے کہا کہ نکسلیوں کو خودسپردگی کرنی چاہئے، ورنہ گولی مارنے کے لئے تیار رہیں۔ بہت جلد جھارکھنڈ سے نکسلائٹس کا صفایا کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بوکارو ضلع کے جاگیشور وہار تھانہ علاقہ کے تحت لالپانیہ کے لوگو پہاڑی پر پیر کی صبح تقریباً 5.30 بجے نکسلیوں کے ساتھ سیکورٹی فورسز کا انکاؤنٹر ہوا۔ اس تصادم میں سیکورٹی فورسز نے 8 نکسلیوں کو مار گرایا۔ مارے گئے نکسلیوں کے پاس سے 4 INSAS رائفلیں، 1 SLR اور 1 ریوالور برآمد کیا گیا ہے۔



