جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 19 مارچ:۔ جمشید پور پولیس کے ذریعہ فوج کے حوالدار سورج رائے کو گرفتار کرکے جیل بھیجنے کا معاملہ زور پکڑ گیا ہے۔ اب ڈی جی پی انوراگ گپتا نے اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے قصوروار پولیس افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ جھارکھنڈ پولیس ہیڈکوارٹر نے بدھ کے روز کہا کہ ملک کے ایک فوجی کا جیل جانا انتہائی افسوسناک ہے۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ اگر کوئی سپاہی قانون شکنی کرتا ہے تو بہتر ہو گا کہ اسے قریبی آرمی یونٹ کے حوالے کر دیا جائے تاکہ فوجی افسران اس کے خلاف اپنے اصولوں کے مطابق کارروائی کر سکیں۔ اس واقعہ کی سنگینی کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی پی نے کولہان ڈی آئی جی کو معاملے کی تحقیقات کرنے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پولیس اہلکار کے ساتھ جھگڑے کے بعد فوجی جوان کو گرفتار کیا گیا۔قابل ذکر ہے کہ 14 مارچ کی شام کو بھارتی فوج کے جوان سورج رائے اور اس کے کزن وجے رائے کو جگسلائی پولیس اسٹیشن نے ایک پولیس افسر کے ساتھ جھگڑے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ 15 مارچ کو پولیس نے دونوں کو عدالتی حراست میں جیل بھیج دیا۔



