اکاؤنٹنٹ کوشل پانڈے گرفتار
جدید بھارت نیوز سروس
بوکارو،7؍اپریل: ٹریژری سے تنخواہ کی مد میں 15.3 کروڑ روپے کی مشکوک نکاسی کے معاملے میں ضلع انتظامیہ نے فوری اور سخت کارروائی کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اجے ناتھ جھا کی ہدایت پر ٹریژری آفیسر گلاب چند اوراؤں کی جانب سے متعلقہ معاملے میں بوکارو اسٹیل سٹی تھانے میں دیر رات ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ اپنی درخواست میں ٹی او نے لکھا ہے کہ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور جانچ کے دوران خزانے کے ریکارڈ اور بینک کھاتوں سے حاصل کردہ تفصیلات کا معائنہ کیا گیا۔
مالی سال 25-2024 کا ہے معاملہ
ابتدائی جانچ میں یہ پایا گیا کہ پولیس سب انسپکٹر اپیندر سنگھ کے نام سے مالی سال 25-2024 کے مئی 2024 سے مارچ 2026 تک تنخواہ کی مد سے نکالی گئی رقم کو دوسرے کھاتوں میں منتقل کیا گیا۔ ٹی او کی جانچ کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ مذکورہ رقم کی منتقلی پولیس محکمہ کے اکاؤنٹنٹ کوشل کمار پانڈے نے اپنی اہلیہ کے بینک اکاؤنٹ میں کرائی تھی۔ معاملے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ملزم اکاؤنٹنٹ کوشل کمار پانڈے کو گرفتار کر لیا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ معاملے میں ملوث دیگر افراد کی بھی شناخت کی جا رہی ہے اور تمام قصورواروں کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر اجے ناتھ جھا نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایڈیشنل کلکٹر محمد ممتاز انصاری کو تفصیلی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ انہیں ہدایت دی گئی کہ تمام نکات کی گہرائی سے جانچ کرتے ہوئے حقائق واضح کریں اور 24 گھنٹے کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔
ڈی سی نے کارروائی کی ہدایت دی
ایڈیشنل کلکٹر محمد ممتاز انصاری کی ابتدائی جانچ میں بے ضابطگی سامنے آنے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی۔ ایڈیشنل کلکٹر نے پایا تھا کہ اپیندر سنگھ کے نام پر تنخواہ کی مد میں کی گئی نکاسی عام طریقہ کار سے میل نہیں کھاتی اور اس میں سنگین بے ضابطگی کا شبہ ہے۔ جس کے بعد ڈی سی نے معاملے سے متعلقہ شخص اور اس سے جڑے کھاتوں کو منجمد (Freeze) کرنے کا عمل شروع کرنے اور محکمانہ سطح پر تادیبی کارروائی کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی پولیس سپرنٹنڈنٹ بوکارو کو متعلقہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی۔ بوکارو ڈی سی اجے ناتھ جھا نے کہا کہ ہم نے معاملے کی تحقیقات کے احکامات دے دیے ہیں اور جس اکاؤنٹ میں رقم گئی ہے اسے بھی سیل کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔



