درجہ حرارت 3 ڈگری تک گرا، کسانوں کی پریشانیوں میں اضافہ
جدید بھارت نیوز سروس
لاتیہار ،7؍جنوری: ضلع میں ان دنوں کڑاکے کی ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔ اس سے عام زندگی کے ساتھ ساتھ فصلوں کو بھی بھاری نقصان ہو رہا ہے۔ دالوں اور تلہن کے علاوہ آلو اور ٹماٹر جیسی سبزیوں کے خراب ہونے کی وجہ سے کسانوں کے پسینے چھوٹنے لگے ہیں۔ ان فصلوں کو نقصان پہنچنے سے کسان براہِ راست متاثر ہوں گے۔دراصل لاتیہار ضلع میں گزشتہ کچھ دنوں سے ریکارڈ توڑ سردی پڑ رہی ہے۔ یہاں کا کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری تک پہنچ رہا ہے۔ اس صورتحال میں کھیتوں میں لگائی گئی دالوں، تلہن اور سبزیوں کو بڑا نقصان پہنچ رہا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ لاتیہار ضلع میں 10 ہزار ہیکٹر سے زیادہ اراضی پر دالوں اور تلہن کی کاشت کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ بڑے پیمانے پر سبزیوں کی کھیتی بھی ہوتی ہے۔دالوں اور تلہن کے علاوہ سبزیوں کی کاشت سے کسانوں کو کافی اچھا منافع ہوتا ہے، جس سے ان کی معاشی حالت بھی مستحکم رہتی ہے۔ تاہم اس بار موسم کی مار کی وجہ سے کسانوں کو نقصان کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ مقامی کسانوں سیتامنی اوراؤں، وشنو دیو سنگھ، بھنور سنگھ وغیرہ نے بتایا کہ شدید سردی کی وجہ سے فصلوں کی نشوونما (Growth) کافی کم ہو رہی ہے۔ کسانوں نے کہا کہ سبزیوں یا سرسوں کی فصل کا بیمہ بھی نہیں ہوتا، اس وجہ سے نقصان کے بعد کسانوں کو سرکاری امداد بھی نہیں مل پاتی۔ کسانوں نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس قسم کے نقصان سے بچاؤ کے لیے ادویات کے چھڑکاؤ کا انتظام کیا جائے۔
آبپاشی ہی اس مسئلے کا واحد حل
اس سلسلے میں لاتیہار کے ضلعی زرعی افسر نیہا نشچل نے بتایا کہ موجودہ وقت میں جس طرح کی ٹھنڈ پڑ رہی ہے، اس سے سب سے زیادہ دالوں اور تلہن کی فصلیں متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سردی کی وجہ سے فصلوں کی بڑھوتری رک جاتی ہے، جس سے پیداوار بھی کم ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مسئلے سے بچاؤ کا واحد حل فصلوں کی مسلسل آبپاشی (Irrigation) کرنا ہے۔ فصلوں کو لگاتار پانی دینے سے سردی کا اثر ان پر نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کسان کو زیادہ نقصان ہوا ہو تو وہ کے سی سی (KCC) کے ذریعے تعاون حاصل کر سکتے ہیں۔



