22 نئی ہائی اسپیڈ بائیکس ’ٹائیگر پٹرولنگ ‘میں شامل
جدید بھارت نیوز سروس
چترا ،12؍مئی: جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی ہدایت پر ریاست میں امن و امان کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے چترا پولیس کو 22 نئی ہائی اسپیڈ بائیکس فراہم کی گئی ہیں۔ چترا کے ایس پی انیمیش نیتھانی نے ان بائیکس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، جو اب ضلع کے نکسل متاثرہ علاقوں اور شہر کی تنگ گلیوں میں پٹرولنگ کے لیے استعمال کی جائیں گی۔ایس پی انیمیش نیتھانی کے مطابق، ان طاقتور بائیکس کا مقصد ان مقامات تک رسائی حاصل کرنا ہے جہاں پولیس کی بڑی گاڑیاں نہیں پہنچ پاتیں۔ اکثر مجرم واردات کے بعد تنگ گلیوں، پرانی عمارتوں یا اسکولوں کے پیچھے چھپ جاتے ہیں، لیکن اب یہ بائیکس فورس کو فوری ردعمل (Quick Response) دینے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ اس سے قبل بھی ضلع پولیس کو 30 پلسر بائیکس اور 19 فور وہیلر گاڑیاں فراہم کی جا چکی ہیں، جس سے ڈائل 112 کی کارکردگی اور اینٹی نکسل آپریشنز میں واضح بہتری آئے گی۔انتظامیہ نے ان بائیکس کو دو حصوں میں تقسیم کیا ہے۔ شہری علاقوں کے لیے سائرن والی بائیکس دی گئی ہیں تاکہ عوام میں پولیس کی موجودگی کا احساس ہو، جبکہ نکسل متاثرہ علاقوں اور منشیات کے اسمگلروں کے خلاف کارروائی کے لیے بغیر سائرن والی بائیکس تعینات کی گئی ہیں۔ اس کا مقصد خفیہ آپریشنز کو کامیابی سے انجام دینا ہے تاکہ اسمگلروں اور نکسلیوں کو پولیس کی آمد کی بھنک نہ لگ سکے۔ تمام تھانوں میں تقسیم کی گئی یہ بائیکس اب “ٹائیگر پٹرول” کے طور پر کام کریں گی، جس سے نہ صرف جرائم کی شرح میں کمی آئے گی بلکہ عام شہریوں کو ایک محفوظ اور دوستانہ ماحول میسر آئے گا۔
