ڈائل 112 کو بنایا جائے گا مزید مضبوط؛ لاپرواہ پولیس اہلکاروں کے خلاف ہوگی کارروائی
جدید بھارت نیوز سروس
پلاموں،12؍مئی: پولیس کا’سنواد‘ (مکالمہ) پروگرام منگل سے شروع ہو گیا ہے۔ پلاموں پولیس نے عام لوگوں کے مسائل کے حل اور باہمی رابطے کو بہتر بنانے کے لیے اس پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ہر منگل کو پولیس مختلف علاقوں کے لوگوں سے بات چیت کرے گی اور ان کی تجاویز طلب کرے گی۔ پہلے دن پلاموں میں میڈیا کے ساتھ مکالمہ پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس میں پلاموں ایس پی کپل چودھری نے کئی قانونی پہلوؤں پر معلومات فراہم کیں اور ساتھ ہی سوشل پولیسنگ کے بارے میں بھی بتایا۔پلاموں ایس پی کی جانب سے بتایا گیا کہ ڈائل 112 کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ مدد مانگنے اور رابطے کا سب سے بہترین ذریعہ ڈائل 112 ہے۔ کسی بھی آفت کے وقت اس کے ذریعے پولیس سے مدد مانگی جا سکتی ہے، پولیس جلد سے جلد متعلقہ شخص تک پہنچنے کی کوشش کرے گی۔ ڈائل 112 کے حوالے سے لاپرواہی برتنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔پلاموں ایس پی کپل چودھری نے سڑک حادثات پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جنوری سے مارچ تک پلاموں کے مختلف علاقوں میں سڑک حادثات میں 80 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعداد و شمار تشویشناک ہیں۔ صرف پولیس کے خوف یا چالان سے بچنے کے لیے ہیلمٹ نہیں پہننا چاہیے بلکہ اپنی حفاظت کے لیے ہیلمٹ انتہائی ضروری ہے۔ایس پی نے اس دوران کہا کہ پولیس اہلکار اور افسران بھی ہیلمٹ لگائیں گے اور لوگوں کو بیدار کریں گے، ہیلمٹ نہ پہننے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ایس پی نے کہا کہ عام لوگوں اور پولیس کے درمیان بہتر ہم آہنگی قائم کی جا رہی ہے تاکہ پلامو میں بہتر پولیسنگ دیکھنے کو مل سکے۔ بدلتے ہوئے دور میں لوگوں کو اپنے گھروں میں سی سی ٹی وی لگانے کی ضرورت ہے۔اس مکالمہ پروگرام میں ڈی ایس پی راجیو رنجن، راجیش یادو، انچارج سارجنٹ میجر سریش رام، ٹاؤن تھانہ انچارج جیوتی لال رجوار، انسپکٹر پونم ٹوپو، صدر تھانہ انچارج لال جی اور سب انسپکٹر انیل ودیارتھی موجود تھے۔
