نیفرو پلس کمپنی کو معاہدے کی خلاف ورزی پر انتباہ؛ بلوں کی جانچ کا عمل آخری مرحلے میں
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 21 اپریل:۔ ریمس (RIMS) میں ڈائیلاسز کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ‘نیفرو پلس ‘ اور انتظامیہ کے درمیان ادائیگیوں کو لے کر تنازع پیدا ہو گیا ہے۔ کمپنی نے واجبات کی عدم ادائیگی کا حوالہ دیتے ہوئے خدمات بند کرنے کا اشارہ دیا ہے، جس پر ریمس انتظامیہ نے اپنی پوزیشن واضح کر دی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق مارچ 2025 تک کی تمام ادائیگیاں کی جا چکی ہیں، جبکہ مئی 2025 سے فروری 2026 تک کے بل کمپنی نے مارچ 2026 میں جمع کرائے ہیں، جن کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے بتایا کہ آیوشمان سیل کے ذریعے بلوں کی اسکروٹنی کے دوران تقریباً 6 فیصد معاملات میں رجسٹریشن نمبروں کی غلطیاں پائی گئی ہیں۔ ن مشکوک بلوں کو الگ رکھ کر باقی رقم کی ادائیگی کا عمل آخری مرحلے میں ہے۔ ریمس کا کہنا ہے کہ اگر کمپنی اچانک خدمات بند کرتی ہے تو اسے معاہدے کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گردے کے مریضوں کے لیے ڈائیلاسز ایک زندگی بچانے والی سروس ہے اور اس کی معطلی سے سینکڑوں مریضوں کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ انتظامیہ نے کمپنی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دستاویزات کی جانچ کے لیے اے آئی (AI) سافٹ ویئر کا استعمال کرے تاکہ مستقبل میں تاخیر سے بچا جا سکے۔
