جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ 27 دسمبر:سابق وزیر اعظم، کانگریس پارٹی کے سینئرلیڈر ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر آج ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر صداقت آشرم میں ایک تعزیتی میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں کانگریس لیڈروں نے ان کی تصویر پر پھول چڑھا کر تعزیت کا اظہار کیا۔خراج عقیدت اجلاس کی صدارت سابق ریاستی صدر پروفیسر رام جتن سنہا نے کی۔ میٹنگ میں، ریاستی کانگریس کے سابق صدر پروفیسر رام جتن سنہانے کہا کہ منموہن سنگھ کو ان کی سماجی، سیاسی اور عالمی خدمات کے لیے کئی باوقار اعزازات سے نوازا گیا۔ 2004 سے 2014 تک، انہوں نے مسلسل دو بار ملک کے وزیر اعظم کے طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری کیں۔ اس عرصے میں ملک کو کئی بار معاشی مشکلات سے نکالاگیا۔ اس سے پہلے 1991 میں، انہوں نے سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی حکومت میں وزیر خزانہ کے طور پر ہندوستانی معیشت کو نئی شکل دی۔ انہوں نے لبرلائزیشن، پرائیویٹائزیشن اور گلوبلائزیشن کی پالیسیوں کو اپنایا۔ ان پالیسیوں نے ملکی معیشت کو عالمی منڈی کے لیے کھول دیا۔ ہر کسی کو پدم وبھوشن سے نوازے گئے سیاست دان کی شخصیت سے تحریک لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینئرلیڈر راہول گاندھی نے انہیں اپنا سرپرست کہا اور ان کے انتقال کو ملک کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔پھول چڑھانے کے بعد کانگریس قائدین نے آنجہانی وزیراعظم منموہن سنگھ کے لئے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی اور اظہار تعزیت کیا۔ریاستی کانگریس ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ خراج عقیدت میٹنگ میں پروفیسر رامجتن سنہا کے علاوہ سابق وزراء آفاق عالم، سنجیو پرساد ٹونی، پریم چندر مشرا، برجیش پانڈے، نرمل ورما، راجیش راٹھور، لال بابو لال بھی موجود تھے۔



