پتھراؤ اور آتشزنی، فٹ پاتھ کی دکانیں جل گئیں، موٹر سائیکل کو آگ لگا دی گئی
جدید بھارت نیوز سروس
گریڈیہہ ، 16 مارچ:۔ ضلع کے گھوڑتھمبھا میں دو فریقوں کے درمیان پتھراؤ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اس دوران آتش زنی بھی کی گئی ہے۔ چند دکانوں کے علاوہ موٹر سائیکلوں کو بھی آگ لگا دی گئی ہے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے گریڈیہہ کے ایس پی ڈاکٹر ومل کمار کے علاوہ کھورمہوا کے ایس ڈی پی او راجندر پرساد کے ساتھ گھوڑتھمبا او پی، دھنوار، ہیروڈیہ، جموا اور کئی دیگر تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے۔ یہاں کافی محنت کے بعد حالات کو قابو میں لایا گیا ہے۔ اس کی اطلاع ملتے ہی سب سے پہلے ایس ڈی پی او راجندر پرساد مقامی پولیس کے ساتھ پہنچے اور لوگوں کو سمجھانے کی کوشش شروع کی لیکن لوگ قابو میں آنے کو تیار نہیں تھے۔ ایسے میں ایس پی ڈاکٹر ومل کمار ضلع ہیڈکوارٹر سے اپنی ٹیم کے ساتھ پہنچے۔ ایس پی کے آنے کے باوجود لوگ آپس میں لڑ رہے تھے۔ ایسے میں پولیس سخت ہو گئی اور شرپسندوں کو کھدڑینے کا کام شروع کر دیا گیا۔ کافی دیر تک ایس پی دیگر اہلکاروں اور سپاہیوں کے ساتھ لوگوں کو بھگانے میں مصروف رہے، تبھی صورتحال قابو میں آئی۔ دوسری جانب دکان اور موٹر سائیکل میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔ پورے علاقے میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ ضلع کے دیگر تھانوں کی پولیس کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس واقعہ کے بارے میں موقع پر موجود اہلکاروں کا کہنا ہے کہ دونوں فریقوں کے درمیان جھگڑے پر پتھراؤ ہوا۔ صورتحال کو قابو میں کر لیا گیا ہے۔ جھگڑے کی وجہ معلوم کی جارہی ہے۔ پریشانی پیدا کرنے والوں کی بھی نشاندہی کی جائے گی۔ دونوں طرف سے امن کی اپیل کی گئی ہے۔



