سی جی ایل تنازع پر کہا میڈیا ٹرائل کے ذریعے حکومت کو داغدار کیا جا رہا ہے
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 27 ستمبر:۔ سی جی ایل امتحان سے متعلق جاری تنازعہ کے درمیان، وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے آج 27 ستمبر کو جے ایس ایس سی کے ذریعہ مختلف عہدوں پر منتخب 527 امیدواروں میں تقرری خط تقسیم کئے۔ JAP-Iآڈیٹوریم میں منعقدہ تقرری نامہ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے نو منتخب امیدوار اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں تقرری کا عمل مسلسل جاری ہے۔
انہوں نے ایکسائیز کانسٹیبل کی بھرتی کے دوران جسمانی استعداد کے ٹیسٹ کے دوران ایک درجن سے زائد نوجوانوں کی موت پر دکھ کا اظہار کیا اور اس پر تشویش کا ظاہر کی۔ مرکزی وزارت صحت کی طرف سے تحقیقات کرانے کے سلسلے میں لکھے گئے خط کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ جھارکھنڈ کے نوجوان پانچ اور دس کلو میٹر چل اور دوڑ نہیں سکتے، ایسا نہیں ہو سکتا۔ یہ تحقیقات کا معاملہ ہے، اس لیے ہم نے حکومت ہند کی وزارت صحت سے اس سلسلے میں تعاون کی اپیل کی ہے۔
اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے سی جی ایل امتحان سے پیدا ہونے والے تنازع پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ میڈیا ٹرائل کے ذریعے حکومت کو داغدار کیا جا رہا ہے۔ اس کے باوجود حکومت پورے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں میڈیا کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کمیشن نے اس حوالے سے وضاحت دے دی ہے۔
JAP-I آڈیٹوریم، ڈورانڈا میں منعقدہ تقرری تقسیم تقریب کے پروگرام میں کل 527 امیدواروں کو آج تقرری کے لیٹر دیئے گئے، جن میں 200 اسسٹنٹ ٹیچر شامل ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کی جانب سے بعض امیدواروں کو علامتی طور پر تقرری نامہ دیا گیا۔ جن آسامیوں کے لیے امیدواروں کو تقرری خط دیے گئے ہیں ان میں پی جی ٹی ٹیچر، ٹی جی ٹی ٹیچر، اسسٹنٹ ٹیچر، لیبارٹری اسسٹنٹ، جے ای، کمپیوٹر اسسٹنٹ، RIMS میں کلاس III کی آسامیاں شامل ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کانگریسی لیڈر اور وزیر خزانہ ڈاکٹر رامیشور اورائوں اور آر جے ڈی لیڈر اور وزیر محنت ستیانند بھوکتا نے نو منتخب امیدواروں کو مبارکباد دی۔ وزیر بننا گپتا، وزیر حفیظ الحسن، راجیہ سبھا ایم پی مہوا مانجی کی موجودگی میں منعقد ہونے والی اس تقرری خط تقسیم تقریب میں اگر کسی کو سب سے زیادہ خوشی ہوئی تو وہ نئے منتخب امیدوار تھے جو طویل عرصے سے سرکاری ملازمت کے انتظار میں تھے۔ امیدوار ورشا پریہار جغرافیہ کے مضمون کی پی جی ٹی ٹیچر بن گئی ہیں۔ کل تک وہ ایک پرائیویٹ سکول میں پڑھا کر روزی کما رہی تھی۔ آج وہ سرکاری ٹیچر بن کر بہت خوش تھی۔ اسی طرح نو منتخب امیدوار انو بھٹاچاریہ بھی وزیر اعلیٰ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے بہت خوش نظر آئے۔



