جدید بھارت نیوز سروس
دیوگھر، 4 جنوری:۔ بھارت کے چیف الیکشن کمشنر، گیانیش کمار، اتوار کو دوپہر 12:50 بجے دہلی سے دیوگھر پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پروٹوکول کے مطابق گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ استقبال کے لیے دیوگھر کے ضلع مجسٹریٹ نمن پریش لکڑا، پولیس سپرنٹنڈنٹ سورو بھ، سنتھال پرگنا کے کمشنر، ڈی آئی جی اور ریاست کے چیف الیکشن آفیسر روی کمار بھی موجود تھے۔ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد سی ای سی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ دیوگھر کے دو روزہ دورے پر آئے ہیں اور ریاست و ملک کے بہتر مستقبل کے لیے پوجا اور عوامی رابطوں کے پروگرام کریں گے۔ انہوں نے مقامی زبان میں عوام کو جوہار کہتے ہوئے تعظیم بھی کی۔پہلے پروگرام کے تحت گیانیش کمار نے بابا بیدیا ناتھ دھام میں رسمی پوجا کی، جس کے بعد وہ شہر کے مشہور نولکھا مندر گئے۔ مذہبی رسومات کے بعد سی ای سی کا قافلہ ایم ایس دیوگھر پہنچا، جہاں انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کا معائنہ کیا اور عہدیداروں کے ساتھ اہم میٹنگ کی۔ شام کو وہ بابا بیدیا ناتھ دھام واپس آئے اور عظیم الشان شرنگر پوجا میں حصہ لیا۔پیر کی صبح 8:30 بجے سی ای سی دیوگھر سے دمکا کے بوسکی ناتھ دھام کے لیے روانہ ہوں گے۔ وہاں بابا سے ملاقات کے بعد وہ تقریباً صبح 10 بجے دمکا کے فاریسٹ گیسٹ ہاؤس پہنچیں گے، جہاں ناشتہ کرنے کے بعد دیوگھر واپس آئیں گے۔واپسی پر وہ تپوون کے موہنانند پلس ٹو اسکول میں منعقدہ پروگرام میں حصہ لیں گے، جہاں مقامی بوتھ لیول آفیسر (BLO) سے براہِ راست بات چیت کریں گے اور بعد میں میڈیا کو بھی بریفنگ دیں گے۔چیف الیکشن کمشنر کے دورے کو لے کر ضلع انتظامیہ نے ہائی الرٹ نافذ کر رکھا ہے، تاکہ ہر پروگرام محفوظ اور ہموار طریقے سے منعقد ہو سکے۔



