رانچی کی اونی اور بوکارو کے آدتیہ نے ملک بھر میں اول مقام حاصل کیا
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 22 جون:۔ مرکزی بورڈ برائے ثانوی تعلیم (CBSE) نے بارہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کی دوبارہ جانچ اور ری ایویلیوایشن کا نتیجہ باضابطہ طور پر جاری کر دیا ہے۔ اس عمل کے بعد جھارکھنڈ کے دو طلبہ نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملک بھر میں اول پوزیشن حاصل کی ہے۔ ڈی پی ایس رانچی کی طالبہ اونی کیجریوال کامرس اسٹریم میں نیشنل ٹاپر بن گئی ہیں، جبکہ ڈی پی ایس بوکارو کے طالبہ آدتیہ مشرا نے سائنس اسٹریم میں مشترکہ طور پر ملک بھر میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ امتحانات کی دوبارہ جانچ کے لیے درخواست دینے والے طلبہ ڈیجی لاکر کی ویب سائٹ پر اپنے نتائج دیکھ سکتے ہیں۔ڈی پی ایس رانچی کی اونی کیجریوال نے 500 میں سے پورے 500 نمبر حاصل کر کے تاریخ رقم کی ہے۔ اس تاریخی کامیابی پر اسکول کی پرنسپل ڈاکٹر جیا چوہان نے اونی، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پورے ادارے کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اونی کی یہ کامیابی اس کی غیر معمولی محنت، لگن اور اسکول کے تعلیمی ماحول کا عکاس ہے جو دیگر نوجوان صلاحیتوں کو بھی بڑے خواب دیکھنے اور انہیں پورا کرنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔دوسری طرف، سائنس اسٹریم کے طالب علم آدتیہ مشرا نے بیالوجی کے نمبروں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ کے تشخیصی نظام کو چیلنج کیا تھا۔ ری ایویلیوایشن کے بعد ان کے بیالوجی کے نمبر 96 سے بڑھ کر 99 ہو گئے، جس کے بعد ان کا مجموعی اسکور 99.20 فیصد سے بڑھ کر 99.60 فیصد (500 میں سے 498 نمبر) ہو گیا۔ اس اضافے کے ساتھ ہی وہ کانپور کی سونکشی گوئل کے ساتھ مشترکہ طور پر ملک کے سائنس ٹاپر بن گئے ہیں۔ آدتیہ نے انگلش کور، کیمسٹری اور پینٹنگ میں 100 میں سے 100 نمبر حاصل کیے ہیں۔ اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر اے ایس گنگوار نے آدتیہ اور ان کے والد کو مٹھائی کھلا کر اور مالا پہنا کر اعزاز سے نوازا۔ آدتیہ مشرا کے والد سیل (SAIL) کی ریفریکٹری یونٹ میں چیف جنرل مینیجر ہیں اور والدہ گھریلو خاتون ہیں۔ آدتیہ مستقبل میں ایک کامیاب ڈاکٹر بن کر انسانیت کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔








Users Today : 36
Users Yesterday : 494
Users Last 7 days : 2660
Users Last 30 days : 5142
Users This Month : 5128
Users This Year : 5142
Total Users : 4566685