رانچی کی بیٹی نے قومی سطح پر لہرایا کامیابی کا پرچم
آرٹس اسٹریم میں بھویہ رنجن نے 99.8 فیصد نمبر حاصل کر کے ریاست کا نام روشن کر دیا
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 13 مئی: رانچی کی بیٹی بھویہ رنجن نے بارہویں جماعت (آرٹس) میں 99.8 فیصد نمبر حاصل کر کے قومی سطح پر اپنی کامیابی کا لوہا منوا لیا ہے۔ آکسفورڈ پبلک اسکول کی اس ہونہار طالبہ کی شاندار کامیابی پر اسکول انتظامیہ اور ان کے والدین، راجیو رنجن اور وکی گاندھی، بے حد مسرور ہیں۔ بھویہ نے اپنی کامیابی کا سہرا اسکول کے اساتذہ کی رہنمائی اور اپنی سخت محنت کے سر باندھا ہے۔ بھویہ نے بتایا کہ وہ روزانہ 10 سے 12 گھنٹے پڑھائی کرتی تھیں اور اسکول کے ‘ٹارگٹ 100’ گروپ سے انہیں کافی مدد ملی، جہاں روزانہ 100 سوالات کے ذریعے تیاری کرائی جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی جماعت سے بارہویں تک اسی اسکول میں پڑھنے کی وجہ سے انہیں اساتذہ کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔ مستقبل کے ارادوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بھویہ نے بتایا کہ اب ان کا ہدف یو پی ایس سی (UPSC) کا امتحان پاس کر کے ملک کی خدمت کرنا ہے۔ وہ تاریخ کے مضمون میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سول سروسز کی تیاری شروع کریں گی۔ بھویہ اب 29 اور 30 مئی کو ہونے والے سی یو ای ٹی (CUET) کے امتحان میں شامل ہوں گی تاکہ دہلی یونیورسٹی یا بی ایچ یو (BHU) جیسے معتبر اداروں میں داخلہ لے سکیں۔
