جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 04؍ جنوری: انڈین آرمی کے سبکدوش کیپٹن اور انسانی خدمت کے علمبردار، عالمی ریکارڈ یافتہ ‘رکت ویر ‘ کیپٹن ڈاکٹر سریش کمار سینی (252 بار خون عطیہ کرنے والے)، کرنال، ہریانہ اور ضلع کنزیومر کمیشن جمشید پور کی جج محترمہ ارپنا مشرا (26 بار خون عطیہ کرنے والی) سمیت انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر اور انسانی خدمت کے لیے وقف ‘رکت ویر ‘ آئی اے ایس اتکرش کمار کے اعزاز میں آج رانچی پریس کلب میں دوپہر کے وقت ‘لہو بولے گا ‘ بلڈ ڈونیشن آرگنائزیشن رانچی کی جانب سے ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں ان شخصیات کی عزت افزائی کی گئی۔اعزازی تقریب کی صدارت ‘لہو بولے گا ‘ کے بانی رکت ویر ندیم خان نے کی، جبکہ استقبال رکت ویر پاول کمار نے کیا۔ اسٹیج کی نظامت انجینئر رکت ویر شاہنواز عباس نے کی اور کلماتِ تشکر رکت ویر سپن کمار مہتو نے ادا کیے۔پروگرام میں مہمانِ خصوصی کے طور پر جھارکھنڈ اسٹیٹ مائنارٹی کمیشن کے وائس چیئرمین جیوتی سنگھ متھارو موجود تھے، جبکہ مہمانِ اعزازی کے طور پر رانچی پریس کلب کے نومنتخب صدر اور سینئر ایڈیٹر شمبھوناتھ چودھری، جھارکھنڈ اسمبلی کے پی آر او سرفراز احمد، حکومتِ جھارکھنڈ کے ایگزیکٹو انجینئر نسیم علی اور ‘دیپ شیکھا ‘ کی کلینیکل سائیکالوجسٹ ڈاکٹر انورادھا وتس موجود تھیں۔ہال میں موجود تھیلیسیمیا کے مریضوں اور ان کے اہل خانہ نے تمام مہمانوں کا گلدستوں اور جھارکھنڈی روایتی لباس (انگ وستر) سے استقبال کیا۔ کیپٹن ڈاکٹر سریش کمار سینی کو ندیم خان، موجودہ مہمانوں اور ٹیم کے ارکان نے یادگاری نشان، انگ وستر اور گلدستہ پیش کر کے نوازا۔ وہیں جمشید پور کی ڈسٹرکٹ کنزیومر جج ارپنا مشرا جی کو تھیلیسیمیا کے مریضوں کے اہل خانہ نے یادگاری نشان، انگ وستر اور گلدستہ پیش کر کے اعزاز سے سرفراز کیا۔ پروگرام کے دوران کیپٹن صاحب، جج صاحبہ اور دیگر مہمانوں کے ہاتھوں ‘لہو بولے گا ‘ کی جانب سے خون کے عطیہ کی آگاہی پر مبنی ایک پمفلٹ کا اجراء بھی کیا گیا۔
تقریب میں شرکاء کا استقبال خون بنانے میں مددگار ‘عجوہ کھجور ‘ دے کر کیا گیا۔تقریب میں تھیلیسیمیا کے متاثرہ اہل خانہ میں سنجے ٹوپو، دیوکی دیوی، سیما دیوی، سونا سنگھ، پنیا اراؤں اور دیگر موجود تھے۔



