دہشت گردی کے خلاف لڑائی میںپورا ملک متحد ، دنیا کو یہ پیغام دیا جائے تو بہتر ہوگا: بندھو ترکی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ، 11؍مئی: جھارکھنڈ پردیش کانگریس کمیٹی کے ایگزیکیوٹیو صدر بندھو ترکی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ اور پاکستان کے ساتھ جنگ بندی میں تازہ ترین پیش رفت اور دیگر معاملات پر تمام جماعتوں کا اتفاق رائے حاصل کرنے کے لیے ایک آل پارٹی میٹنگ بلانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی مضبوط پیغام جائے گا۔ بندھو ترکی نے کہا کہ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانا بھی ضروری ہے جس سے نہ صرف پورے ملک میں ایک مثبت پیغام جائے گا بلکہ ہم سب کے اتحاد اور یکجہتی کو بھی تقویت ملے گی۔بندھو ترکی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی ملک کو کسی بحران کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو سیاسی جماعتوں کے درمیان نظریاتی اختلافات کی تمام دیواریں ٹوٹ جاتی ہیں اور ہم پوری دنیا تک اپنا پیغام مضبوطی سے پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج وقت آگیا ہے کہ اس روایت کو آگے بڑھایا جائے اور حکمراں پارٹی ہونے کے ناطے بی جے پی کی ذمہ داری دوسروں سے زیادہ ہے۔ کانگریس کے سینئرلیڈر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی پر خصوصی اعتماد ہے کہ وہ بغیر کسی تعصب کے تمام سیاسی جماعتوں کی میٹنگ بلائیں گے اور پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بھی بلائیں گے تاکہ ملک اور دنیا بھر میں ایک پیغام جا سکے۔بندھو ترکی نے کہا کہ ہندوستان میں برسوں سے جاری دہشت گردی کے کھیل کے خلاف کانگریس سمیت پوری اپوزیشن مرکزی حکومت کے ساتھ ہے اور خاص طور پر کانگریس کے لیے ملک پہلے آتا ہے اور اس کے بعد سیاسی پارٹی یا اس کے مسائل ہوتے ہیں۔ کانگریس ملک اور اس کے اتحاد، سالمیت، امن، ہم آہنگی، اعتماد اور باہمی یکجہتی کے مسئلہ پر کسی بھی سطح پر سمجھوتہ نہیں کرنے والی ہے۔



