آئی ایس آئی اور تمل ناڈو کے تذکرے سے سیکیورٹی ایجنسیاں الرٹ
جدید بھارت نیوز سروس
بوکارو،10؍مارچ: جھارکھنڈ کے بوکارو ضلع کی سول کورٹ کو ’سائنائیڈ بم‘ سے اڑانے کی دھمکی ملی۔ یہ دھمکی کورٹ کے رجسٹرار کی آفیشل ای میل پر بھیجی گئی۔ ای میل علی الصبح تقریباً 54:3بجے موصول ہوئی تھی۔ ذرائع کے مطابق بتایا گیا کہ دھمکی آمیز ای میل میں یہ بھی لکھا گیا تھا کہ دوپہر ایک بجے تک کورٹ کا احاطہ خالی کر دیا جائے، ورنہ سنگین نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔ دھمکی ملنے سے کورٹ کی حدود میں افرا تفری مچ گئی۔ میل میں دعویٰ کیا گیا کہ احاطے میں 14 سائنائیڈ بم نصب کیے گئے ہیں۔ فوری طور پر اس کی اطلاع پولیس اور انتظامیہ کو دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس انتظامیہ فوراً حرکت میں آئی اور پورے علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے گئے۔اس ای میل میں پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی (ISI) اور تمل ناڈو کا بھی ذکر کیا گیا، جس سے سیکیورٹی ایجنسیاں الرٹ ہو گئیں۔ تاہم ابتدائی تحقیقات میں کسی واضح لنک کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ دوسری طرف، بوکارو کے ایس پی ہرویندر سنگھ نے بتایا کہ اس دھمکی کی اطلاع تھانے میں صبح تقریباً 9 بجے دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پوری عدالت کو خالی کرا لیا۔ سیکیورٹی کے پیش نظر آس پاس کے علاقے میں بیریکیڈنگ کر دی گئی ہے۔ پولیس کی کئی ٹیمیں موقع پر تعینات کر دی گئی ہیں اور پورے علاقے کی گہرائی سے تلاشی لی جا رہی ہے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے رانچی سے ‘جگوار اسکواڈ‘ٹیم کو بھی بلایا گیا۔ اس کے ساتھ ہی رانچی اے ٹی ایس کے ایس پی کو بھی اس معاملے سے باخبر کر دیا گیا ہے۔ فی الحال پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیاں پورے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے تحقیقات میں مصروف ہیں۔



