خون کے عطیہ سے بڑی کوئی خدمت نہیں:وزیر عرفان انصاری
آئین کی حفاظت کیلئے 6 مئی کو ‘آئین بچاؤ ریلی ‘ کو کامیاب بنائیں:ڈاکٹر بیلا پرساد
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 4مئی: ورلڈ مشن سوسائٹی چرچ آف گاڈ، گوشالاچوک، رانچی کے احاطے میں ایک عظیم الشان خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں جھارکھنڈ حکومت کے وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری مہمان خصوصی کے طور پر پہنچے۔ ان کے ساتھ جھارکھنڈ کانگریس کے شریک انچارج ڈاکٹر بیلا پرساد بھی خصوصی طور پر موجود تھے۔ تقریب میں لوگوں نے وزیر کا پرتپاک استقبال کیا ۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر عرفان انصاری نے مسیحی برادری کے تئیں اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “میرا مسیحی برادری کے ساتھ ایک خاص رشتہ ہے کیونکہ میری تعلیم اور پرورش اسی کمیونٹی میں ہوئی ہے۔ میں نے اس کمیونٹی کو قریب سے دیکھا ہے – یہ کمیونٹی بغیر کسی توقع کے، بے لوث خدمت کرتی ہے۔ اس کی لگن واقعی مثالی ہے۔” خون کے عطیہ پر بات کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ “خون کے عطیہ سے بڑی کوئی خدمت نہیں، آج کے دور میں جب ہمارے اپنے لوگ بھی ایک دوسرے کو خون کا عطیہ دینے سے کتراتے ہیں، سینکڑوں لوگ آگے آ کر خون کا عطیہ دے رہے ہیں- یہ ایک بہت ہی قابل تحسین اقدام ہے۔میں آپ سب کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت سے جو بھی سہولت، فائدہ یا مدد درکار ہوگی، وہ فراہم کی جائے گی۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ خون عطیہ کیمپ صرف ایک تقریب نہیں بلکہ جان بچانے کی ایک بہترین کوشش ہے۔ اس کیمپ میں، دھنباد، رانچی، چائباسہ اور سمڈیگا سمیت کئی اضلاع سے تقریباً 100 چرچ کے ارکان نے رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دیا۔ ڈاکٹر انصاری نے خون کے عطیہ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا “خون کا عطیہ انسانیت کی خدمت کا بہترین طریقہ ہے، یہ نہ صرف کسی کی جان بچا سکتا ہے بلکہ خون دینے والے کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ ڈاکٹر بیلا پرساد نے بھی اپنے خطاب میں کہا “میں خود ایک عیسائی ہوں اور ایسے نیک اعمال دیکھ کر فخر محسوس کرتا ہوں، آپ لوگوں کو اسی طرح معاشرے کی خدمت کرتے رہنا چاہیے۔ سب کو 6 مئی کو ‘آئین بچاؤ ریلی ‘ میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے، انہوں نے کہا، ’’آج وقت آگیا ہے کہ ہم سب متحد ہوکر آئین کی حفاظت کریں اور بی جے پی جیسی آمرانہ سوچ کو سبق سکھائیں۔‘‘ اس موقع پر جھارکھنڈ چرچ آف گاڈ کے سربراہ پادری انوپم سورین، چرچ آف گاڈ رانچی کے پادری نریندر کجور، چائباسہ کے پادری سنتوش وشوکرما، سمڈیگا کے پادری انورنجن کلّو، ہٹیا کے پادری اندرا سبا،اسٹیٹ بینک آف انڈیا (SBI) کےاسسٹنٹ جنرل منیجر بھاسکر نند تیواری، ترجمان ریاض احمد اور جھارکھنڈ پردیش کانگریس کمیٹی (جے پی سی سی) میڈیا سیل کے چیئرمین ستیش پال سمیت کئی معززین موجود تھے۔



