پیسا رولز پر بی جے پی 18 سال خاموش رہی: وزیر زراعت
بی ایل اے عوام میں بیداری پیدا کرنے کیلئے گھر گھر جائیں گے: شلپی نیہاترکی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 24؍ جنوری: منریگا سنگرام، پیسا قانون اور ایس آئی آر (SIR) کے سوال پر جھارکھنڈ کانگریس میدان میں اتر چکی ہے۔ کانگریس کے بی ایل اے عوام کو بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اٹکی بلاک کےشیار ٹولی اسٹیڈیم اور بیڑو بلاک کے بشو بھگت مہیلا کالج کے احاطے میں “بلاک سمواد پروگرام” کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں ریاست کی وزیر زراعت شلپی نیہا ترکی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اے آئی سی سی (AICC) کے راہل بل اور ماسٹر ٹرینر سبھاش ناگ نے اجلاس میں موجود بی ایل اے کو تربیت دی۔ اس موقع پر وزیر شلپی نیہا ترکی نے کہا کہ موجودہ سیاست میں منریگا سنگرام، پیسا قانون اور ایس آئی آر جیسے مسائل کی سنگینی اور باریکیوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ بلاک سمواد پروگرام کا مقصد عوام کے درمیان منریگا سنگرام کی اہمیت، پیسا قانون کے فوائد اور ایس آئی آر سے ووٹر لسٹ سے نام کٹنے کے خطرے کے بارے میں بی ایل اے کو تفصیل سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایل اے گاؤں گاؤں اور گھر گھر جا کر مرکزی حکومت کی سازشوں کو بے نقاب کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کی آواز بننے کا کام کریں گے۔ریاست کی مخلوط حکومت نے جس پیسا رولز (Pesa Rules) کو عوام کے سپرد کیا ہے، اسی مسئلے پر بی جے پی حکومت 18 سال تک خاموش رہی۔ بی جے پی کے قول و فعل میں کتنا بڑا فرق ہے، اسے عوام کو سمجھنا ہوگا۔وزیر شلپی نیہا ترکی نے کہا کہ درج فہرست علاقوں (Scheduled Areas) کے لیے پیسا بہت ضروری ہے اور گاؤں کے لوگوں کو پیسا رولز کے تحت ملنے والے حقوق کو گہرائی سے سمجھنا ہوگا۔ مہاتما گاندھی جی نے ‘گرام سوراج ‘ کی بات کہی تھی، جو آج پیسا رولز سے شرمندہ تعبیر ہو رہی ہے۔گرام سبھا کی کیا طاقت ہے، اسے گاؤں کے لوگوں کو جاننا اور اس کا استعمال کرنا ہوگا۔ مرکزی حکومت نے منریگا سے اس کی روح چھین لی ہے۔ پہلے ضرورت کے مطابق روزگار ملا کرتا تھا، آج حکومت اس ضرورت کا تعین کرے گی۔ یہ منریگا کے ذریعے دیہاتیوں کو ملنے والے روزگار کو ختم کرنے کی سازش ہے۔ ایس آئی آر کے ذریعے مرکزی حکومت ملک کی عوام سے ان کی شناخت ثابت کرنے کا کہہ رہی ہے۔ دستاویزات اور کاغذی الجھنوں میں پھنسا کر عوام کو ان کے ووٹ کے حق سے دور کیا جا رہا ہے۔ان تمام حقائق سے جھارکھنڈ کی عوام کو روبرو ہونا ہے اور بی ایل اے اس میں عوام کے لیے مددگار ثابت ہوں گے۔بلاک سمواد پروگرام میں اٹکی بلاک صدر رمیش مہلی، بیڑو بلاک صدر کرما اراؤں، نائب پرمکھ مدثر حق، مسلم حسین، پانچو اراؤں، سنجے کچھپ، منظور انصاری، منّا ملک، نول کشور سنگھ، اروند گری، نند لال مہتو، راجن کسپوٹا، ابو معاذ، ابرار امام، لکھن لکڑا، آکاش اراؤں، شیشو گوپ سمیت دیگر اہم افراد شریک تھے۔



