جدید بھارت نیوز سروس رانچی ،یکم؍ جنوری: نئے سال کے آغاز اور بڑھتی ہوئی سردی کے پیش نظر، ہندپیڑی کے علاقے میں سماجی خدمت کا ایک اہم پروگرام منعقد کیا گیا۔ وارڈ نمبر 23 کی بھاوی کونسلر امیدوار فراح ماجد کی جانب سے ہندپیڑھی میں واقع ادریسیہ تنظیم اسکول کے احاطے میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں علاقے کے غریب اور مستحق افراد کے درمیان کمبل تقسیم کیے گئے۔پروگرام میں کثیر تعداد میں بزرگوں، خواتین اور ضرورت مندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فراح ماجد نے کہا کہ “نئے سال کا جشن منانے کا سب سے بہترین طریقہ انسانیت کی خدمت ہے۔ سخت سردی کے اس موسم میں غریبوں کی مدد کرنا ہمارا اخلاقی اور مذہبی فریضہ ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ ان کا مقصد سیاست سے بالاتر ہو کر وارڈ 23 کے عوام کے مسائل حل کرنا اور ان کے دکھ سکھ میں شریک رہنا ہے۔اس موقع پر سماجی کارکن خالد عمر نے وارڈ 23 کے لوگوںسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وارڈ 23 کے عوام کو ریاستی حکومت کے تمام اسکیموں سے چوڑا جائے گاتاکہ انہیں فائدہ پہونچے۔ اس موقع پر ماجد عمر، محمد انظر، محمد معراج، نازیہ خالد، سونوکے علاوہ بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔ مقامی باشندوں نے فراح ماجد کے اس جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ شدید سردی میں یہ کمبل ان کے لیے بڑی راحت کا باعث بنیں گے۔ اس موقع پر تنظیم اسکول کے ذمہ داران اور علاقے کی کئی معزز شخصیات بھی موجود تھیں جنہوں نے اس فلاحی کام کی ستائش کی۔



