سِدو-کانہو کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے بی جے پی کا قبائلی حقوق کے تحفظ کا عہد
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ، 30؍ جون: بی جے پی نے دارالحکومت رانچی سمیت ریاست کے تمام منڈلوں میں یومِ ہُول عقیدت و احترام کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر پارٹی کے مرکزی رہنماؤں اور کارکنوں نے ہُول کرانتی کے عظیم مجاہدین سِدو-کانہو، چاند-بھیروں اور پھولو-جھانو کے مجسموں پر گلہائے عقیدت نچھاور کیے۔رانچی کے مورابادی واقع سِدو-کانہو پارک میں بی جے پی کے ریاستی صدر آدتیہ ساہو، لیڈر آف اپوزیشن بابولال مرانڈی اور سابق وزیر اعلیٰ ارجن منڈا نے شہیدوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آدتیہ ساہو نے کہا کہ یومِ ہُول صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ قبائلی سماج کے وقار، ہمت اور آزادی کی علامت ہے۔ 30 جون 1855 کو بھوگناڈیہہ کی سرزمین سے ان عظیم ہیروز نے برطانوی استعمار کے خلاف جدوجہد کا بگل بجایا تھا، جس نے ہندوستان کی تحریکِ آزادی کو نئی راہ دکھائی۔ انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی پالیسیاں انگریزی دور کی ذہنیت کی عکاس ہیں۔
بھوگناڈیہہ میں انتظامیہ کے رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آدتیہ ساہو نے کہا کہ یہ شرمناک ہے کہ قبائلیوں کو اپنے ہی آباؤ اجداد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے حکومت سے اجازت لینی پڑ رہی ہے۔ انہوں نے اسے ‘ہٹلر شاہی ‘ قرار دیتے ہوئے متنبہ کیا کہ حکومت کا غرور پتن کا سبب بنے گا۔لیڈر آف اپوزیشن بابولال مرانڈی نے کہا کہ 1855 کا ‘ہُول اُلگُلان ‘ برطانوی استحصالی پالیسیوں کے خلاف عوامی بیداری کا مرکز تھا۔ انہوں نے موجودہ حکومت پر الزام لگایا کہ ریمس-2 کے نام پر قبائلی زمینوں کو ہڑپا جا رہا ہے اور دراندازوں کو تحفظ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ سے شہیدوں کے نظریات کی پاسداری کرتی آئی ہے، جبکہ موجودہ حکومت قبائلی حقوق کو سلب کرنے کے درپے ہے۔اسی طرح پاکوڑ میں آرگنائزیشن جنرل سکریٹری کرم ویر سنگھ اور دیگر رہنماؤں نے بھی شہیدوں کو یاد کیا اور ان کے نقشِ قدم پر چلنے کا عہد کیا۔ ریاست بھر میں منعقدہ ان تقریبات میں پارٹی کے سینئرعہدیداران، ضلعی و منڈل سطح کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنی مٹی کے تحفظ کے لیے قربانیاں دینے والے ان عظیم ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔










Users Today : 7
Users Yesterday : 212
Users Last 7 days : 2560
Users Last 30 days : 7666
Users This Month : 7
Users This Year : 7666
Total Users : 4569209