پانی اور بجلی کی قلت پر بی جے پی کا گڑھوا ضلع ہیڈکوارٹر پر زوردار مظاہرہ
جدید بھارت نیوز سروس
گڑھوا،6؍مئی: تپتی گرمی میں بی جے پی لیڈر اور ایم ایل اے ماتھے پر گھڑا لے کر سڑکوں پر نظر آئے۔ ضلع میں پانی اور بجلی کے مسئلے کو لے کر ریاستی بی جے پی کی جانب سے احتجاج کیا گیا ہے۔ بی جے پی کے ریاستی نائب صدر بھانو پرتاپ شاہی اور گڑھوا ایم ایل اے ستیندر ناتھ تیواری کی قیادت میں ضلع ہیڈکوارٹر کے باہر یہ مظاہرہ کیا گیا۔
بی جے پی کا ضلع ہیڈکوارٹر کا گھیراؤ
گڑھوا میں ریاستی بی جے پی کی طرف سے پانی اور بجلی کے مسئلے پر کلکٹریٹ کا گھیراؤ کیا گیا۔ اس پروگرام کے ذریعے ہیمنت حکومت کو نشانہ بنایا گیا۔ لیڈروں نے اپنے خطاب میں جھارکھنڈ میں پانی اور بجلی کے حوالے سے درپیش مسائل پر ہیمنت حکومت کو گھیرنے کا کام کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پارٹی کے ریاستی نائب صدر بھانو پرتاپ شاہی نے کہا کہ ہیمنت حکومت میں ریاست کی عوام پانی اور بجلی کی قلت سے تراہ تراہ کر رہی ہے، جبکہ دوسری طرف افسران اور لیڈران بدعنوانی میں ملوث ہیں۔مرکز کے اہم منصوبہ ’جل مشن‘کے حوالے سے بھانو پرتاپ شاہی نے جھارکھنڈ حکومت پر سنگین الزامات لگائے۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ ’جل مشن‘اسکیم میں ملک کی دوسری ایسی ریاست بن گئی ہے جہاں اس منصوبے میں شدید بدعنوانی ہوئی ہے۔ اس اسکیم میں وزراء اور افسران نے پیسوں کی بندر بانٹ کی ہے۔
بی جے پی کا احتجاج دکھاوے کی سیاست ہے: متھلیش ٹھاکر
پانی اور بجلی کے مسئلے پر بی جے پی کے احتجاج کو سابق وزیر متھلیش ٹھاکر نے دکھاوے کی سیاست قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گڑھوا کے ایم ایل اے ماضی میں دو بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ ایم ایل اے کوٹے سے پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنے کے نام پر انہوں نے لوٹ مار کا کام کیا ہے۔ متھلیش ٹھاکر نے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے وزیر رہتے ہوئے ریاست میں ’جل مشن‘کے تحت کام 4 فیصد سے بڑھ کر 54 فیصد تک ہوا ہے، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ علاقے میں اب بھی پانی کا مسئلہ موجود ہے۔
