جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ،11؍دسمبر: کانگریس بھون، رانچی میں آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جھارکھنڈ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کیشو مہتو کملیش نے کہا کہ بی جے پی وظیفے کے نام پر او بی سی کے طلبہ کو گمراہ کر رہی ہے۔ ایک طرف مرکزی حکومت ریاست کو وظیفے کی رقم مہیا نہیں کرا رہی ہے اور بی جے پی کے لیڈر وظیفے پر ہنگامہ کر ہمدردی حاصل کرنا چاہتے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ریاستی حکومت نے وظیفے کے مد میں مرکزی حکومت سے سال 24-2023 کے لیے 271 کروڑ روپے مانگے تھے مگر مرکز نے صرف 77 کروڑ روپے دیے۔ پھر 25-2024 میں 253 کروڑ روپے مانگے گئے اور محض 33 کروڑ روپے ملے، اور 26-2025 میں 370 کروڑ روپے مانگے گئے مگر صرف 13 کروڑ روپے دیے گئے۔ بی جے پی کے رہنماؤں کو اس پر جواب دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اور عظیم کی حکومت اس معاملے میں انتہائی سنجیدہ ہے۔ ہم طلبہ کو ان کا وظیفے کا پیسہ دلوا کر رہیں گے۔ اسی لیے 10 جنوری 2026 کو ہماری طلبہ تنظیم این ایس یو آئی بڑے پیمانے پر لوک بھون کا گھیراؤ کرے گی اور یہ بتانے کا کام کرے گی کہ لوک بھون عوامی مفاد میں کام کرے اور طلبہ کو وظیفہ دلانے میں مدد کرے اور مرکز میں پھنسی ہوئی رقم ریاستی حکومت کو فراہم کرائی جائے۔پردیش کانگریس کے کارگزار صدر بندھو ترکی نے کہا کہ مرکز یہ الزام لگا رہا ہے کہ ریاستی حکومت نے استعمال کا سرٹیفکیٹ نہیں دیا جس کی وجہ سے وظیفے کی رقم جاری نہیں ہوئی، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ وظیفے میں استعمال کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہی نہیں ہوتی۔ مطلب جھوٹ بول کر صرف گمراہ کرنا ،طلبہ کو، نوجوانوں کو، عورتوں کو یہی ملک کے وزیر اعظم اور بی جے پی کا طریقۂ کار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 جنوری کو بڑے پیمانے پر طلبہ جمع ہوں گے اور اگر اپوزیشن واقعی وظیفہ چاہتی ہے تو اسے پارٹی وابستگی سے اوپر اٹھ کر لوک بھون کے گھیراؤ میں شامل ہونا چاہیے۔
آج کی پریس کانفرنس میں جنرل سکریٹری و میڈیا انچارج راکیش سنہا، این ایس یو آئی کے ریاستی صدر وِنَے اوراؤں ترجمان کمل ٹھاکر اور جگدیش ساہو موجود تھے۔



