بچوں کے ذہنوں میں زہر گھولا: ڈاکٹر عرفان انصاری
رانچی، 7 ستمبر (یواین آئی) جھارکھنڈ حکومت کے صحت، خوراک کی فراہمی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے وزیر ڈاکٹر عرفان انصاری نے آج کہا کہ بی جے پی جھارکھنڈ کی اصل بیماری ہے اور یہ لوگ عوام کے حقوق، تعلیم اور صحت کے دشمن بن کر کھڑے ہیں۔ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ بی جے پی نہ صرف ریاست کی ترقی میں رکاوٹ ہے بلکہ دراندازوں اور بنگلہ دیشیوں کے ساتھ ساز باز کرکے ہمارے سماج کو اندر سے کھوکھلا کر رہی ہے۔ بی جے پی نے جھارکھنڈی شناخت کو نقصان پہنچایا۔ بی جے پی نے ہمارے بچوں کے ذہنوں میں زہر گھولا۔ بی جے پی نے سماج کو تقسیم کیا اور ہمارے حوصلے پست کرنے کا کام کیا لیکن میں صاف کہتا ہوں کہ اب جھارکھنڈ بی جے پی کے بہکاوے میں نہیں آنے والا۔ ان کی جھوٹی سیاست اور سازشوں کا خاتمہ یقینی ہے۔ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ ہماری لڑائی صرف اور صرف تعلیم اور صحت کو مضبوط کرنے کے لیے ہے۔ میں مسلسل محنت کر رہا ہوں تاکہ جھارکھنڈ کے ہر باشندے کو بہتر علاج اور بہتر تعلیم مل سکے۔ یہ ہے حقیقی ترقی، یہ ہے جھارکھنڈ کا مستقبل۔



