250 سے زائد سلنڈر برآمد؛ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مشترکہ چھاپہ ماری
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 17 اپریل:۔ رنچی ضلع کے چٹیا تھانہ علاقہ میں گیس کی کالا بازاری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی ٹیم نے بڑی کارروائی کی ہے۔ پولیس نے سائی کالونی اور پاور ہاؤس علاقوں میں دو مقامات پر چھاپہ ماری کرتے ہوئے ایک گودام سے تقریباً 250 سے زائد گیس سلنڈر برآمد کیے ہیں۔ پولیس نے تمام سلنڈروں کو فوری طور پر ضبط کر لیا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ان گوداموں میں غیر قانونی طور پر گیس سلنڈروں کا ذخیرہ کیا گیا تھا، جنہیں بلیک مارکیٹ میں اونچی قیمتوں پر فروخت کیا جا رہا تھا۔ اس معاملے کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد جب ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی ٹیم نے مشترکہ طور پر کارروائی کی تو بڑے پیمانے پر کالا بازاری کا پردہ فاش ہوا۔ سٹی ڈی ایس پی نے اس کارروائی کے حوالے سے بتایا کہ چٹیا کے علاقوں میں غیر قانونی گیس کے کاروبار کی اطلاع مسلسل مل رہی تھی، جس کی بنیاد پر یہ چھاپہ ماری کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس گروہ میں شامل افراد کی شناخت کی جا رہی ہے اور اس غیر قانونی دھندے میں ملوث تمام افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
