مکانات کی تعمیرمیں سست رفتاری پر وزیر دیپیکا پانڈے برہم
کہا: کسی بھی طرح کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 22مئی: جھارکھنڈ کی دیہی ترقی اور پنچایتی راج کی وزیر دیپیکا پانڈے سنگھ نے ابووا آواس اسکیم کے تحت مکانات کی تعمیر کی سست رفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ جو اہلکار حکومت کی منشا اور عوامی توقعات کے مطابق کام نہیں کریں گے ان کا احتساب کیا جائے گا۔مالی سال 2023-24 اور 2024-25 کے دوران مکمل شدہ مکانات کی بہت کم تعداد پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے وزیر نے جائزہ میٹنگ میں واضح ہدایات دیں کہ تمام زیر التوا مکانات کو بروقت مکمل کیا جائے اور گرہ پرویش پروگراموں کی ضلع وار تنظیم کو یقینی بنایا جائے۔وزیر نے یہ بھی کہا کہ زیر تعمیر مکانات کی جیو ٹیگنگ کے 10 دن کے اندر قسط کی عدم ادائیگی نہ ہونا سراسر غفلت ہے۔انہوں نے اس اسکیم سے جڑے متعلقہ بلاک ڈیولپمنٹ افسران اور بلاک سطح کے ملازمین کی ذمہ داری طے کرنے اور ان کے خلاف قواعد کے مطابق سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔شفافیت اور جوابدہی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ یہ محکمے کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ مستحقین کو ان کی ادائیگیاں وقت پر ہوں۔ اسکیم کے تحت مستفید ہونے والوں کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں کو خود جیو ٹیگنگ کر سکتے ہیں لیکن اگر متعلقہ اہلکار سات دن کے اندر تصدیق نہیں کراتے ہیں تو وضاحت طلب کی جائے گی اور تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ اضلاع کو ہدایت دی گئی ہے کہ جیو ٹیگنگ کی تصدیق کے بعد اسکیم کی رقم فوری طور پر مستحقین کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جائے۔ وزیر نے پورے عمل میں کسی بھی قسم کی سستی یا بے ضابطگی کے خلاف “زیرو ٹالرنس” کی پالیسی اپنانے کا انتباہ دیا ہے۔تمام اضلاع کو 15 جون 2025 تک 1 لاکھ مکانات مکمل کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔ نیز مالی سال 2023-24 میں منظور شدہ تمام مکانات کو اگلے 6 ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اسکیم کے موثر نفاذ کے لیے وزیر نے خالی آسامیوں کو پر کرنے کے عمل کو تیز کرنے کے لیے بھی کہا ہے تاکہ کام کاج میں رفتار اور معیار دونوں کو یقینی بنایا جاسکے۔”ابوا آواس یوجنا صرف ایک اسکیم نہیں ہے، یہ جھارکھنڈ کے غریب اور محروم خاندانوں کے لیے عزت کی علامت ہے۔ اس میں کسی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔”



