دوسری ریاستوں کی 2003 کی ووٹر لسٹ سے جڑے ووٹروں اور نئے اہل ووٹروں میں تشویش
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 6 جنوری:۔جھارکھنڈ میں خصوصی گہری نظرثانی (SIR) کے تحت ووٹر لسٹ کی جانچ کا عمل فروری کے دوسرے ہفتے سے شروع ہونے والا ہے۔ ابتدائی تیاریوں پر اگر بھارت الیکشن کمیشن مطمئن ہوا تو 16 فروری سے اس عمل کا باضابطہ آغاز کیا جا سکتا ہے۔
دوسری ریاستوں کی 2003 کی ووٹر لسٹ سے جڑے ووٹروں میں تشویش
خصوصی گہری نظرثانی کو لے کر ان ووٹروں میں تشویش پائی جا رہی ہے جن کا نام 2003 کی ووٹر لسٹ میں کسی دوسرے صوبے میں درج تھا، لیکن بعد میں وہ جھارکھنڈ کے ووٹر بن گئے۔ اس کے علاوہ اکتوبر 2024 میں شائع شدہ ووٹر لسٹ کے بعد جن شہریوں کی عمر اب 18 سال مکمل ہو چکی ہے، ان کے ووٹر بننے کے طریقۂ کار کو لے کر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
نئے ووٹر والدین کے دستاویزات کے ساتھ نام درج کرا سکتے ہیں
جھارکھنڈ کے چیف الیکٹورل آفیسر کے روی کمار نے بتایا کہ جن افراد کا نام 2003 یا دیگر برسوں میں دوسرے صوبوں کی ووٹر لسٹ میں درج رہا ہے، ان کی بی ایل او ایپ کے ذریعے فزیکل ویریفکیشن کی جائے گی۔ متعلقہ ریاست کی ووٹر لسٹ سے نام کا موازنہ کر کے تصدیق کی جائے گی۔ وہیں پہلی بار ووٹر لسٹ میں نام درج کرانے والے شہری فارم-6 کے ساتھ ایک اعلانیہ حلف نامہ اور والد یا والدہ کے دستاویزات جمع کرا سکتے ہیں۔
پیرینٹل میپنگ کا عمل آخری مرحلے میں
الیکشن کمیشن کی ہدایات پر پیرینٹل میپنگ کا عمل اپنے آخری مرحلے میں ہے۔ اس کے بعد خصوصی گہری نظرثانی فزیکل ویریفکیشن کی بنیاد پر مکمل کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے جھارکھنڈ میں ایس آئی آر کے لیے 2003 کی ووٹر لسٹ کو بنیاد سال قرار دیا ہے، جس کے باعث بڑی تعداد میں ایسے ووٹروں کی نشاندہی متوقع ہے جن کا نام اس وقت کسی اور ریاست میں درج تھا۔
کوئی اہل ووٹر محروم نہ رہے، کوئی نااہل شامل نہ ہو
الیکشن کمیشن نے سابقہ خصوصی نظرثانی کے بعد شائع ہونے والی ڈیجیٹل ووٹر لسٹ کو اپنی ویب سائٹ پر عوام کے لیے جاری کر دیا ہے، جس کی بنیاد پر بی ایل او تصدیقی عمل انجام دیں گے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام تیاریاں اس مقصد کے تحت کی جا رہی ہیں کہ کوئی اہل ووٹر چھوٹنے نہ پائے اور کوئی نااہل ووٹر فہرست میں شامل نہ ہو۔



