یوم آزادی کی تقریبات کی تیاریوںسے متعلق کئی اہم امور کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات دیں
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 8 ؍ اگست: ضلع کے سینئر افسران کی ایک میٹنگ جمعہ کو ڈپٹی کمشنر-کم-ضلع مجسٹریٹ، رانچی منجوناتھ بھجنتری کی صدارت میں کلکٹریٹ میں واقع ڈپٹی کمشنر کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ڈپٹی کمشنر منجوناتھ بھجنتری نے محکمہ جاتی کاموں کو بہتر طریقے سے نافذ کرنے، امن و امان، آئندہ یوم آزادی کی تقریبات کی تیاریوں، عوامی بہبود کی اسکیموں پر عمل آوری اور کلکٹریٹ احاطے کے انتظام سے متعلق کئی اہم امور کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات دیں۔
امن و امان اور یوم آزادی کی تقریبات کی تیاریوں پر زور
میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر-کم-ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ منجوناتھ بھجنتری نے کہا کہ اب ہر ماہ آن لائن ضلعی سطح پر امن و قانون کی بحالی کی میٹنگ کا انعقاد کیا جائے گا، تاکہ مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنایا جا سکے۔ مورہابادی میں منعقد ہونے والی یوم آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو تمام تیاریاں بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
سیکورٹی کے بہتر انتظامات اور تجاوزات ہٹانے کی ہدایات
ڈپٹی کمشنر منجوناتھ بھجنتری نے کلکٹریٹ میں حفاظتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت دی۔ کلکٹریٹ کے اطراف تجاوزات ہٹانے کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ محکمے کو جلد ہی پورے علاقے کو تجاوزات سے پاک کرنے کا حکم دیا۔
قدرتی آفات سے متاثرہ لوگوں کو ڈی بی ٹی کے ذریعے معاوضے کی ادائیگی
ڈپٹی کمشنر-کم-ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے ہدایت دی کہ معاوضے کی رقم براہ راست متاثرہ لوگوں اور ان کے زیر کفالت افراد کو ڈی بی ٹی کے ذریعے ان کے بینک کھاتوں میں ادا کی جائے۔ انہوں نے ایڈیشنل کلکٹر کو واضح کیا کہ زونل سطح پر ادائیگی کے بجائے یہ عمل مکمل طور پر آن لائن ہونا چاہئے۔
آل ہینڈز میٹنگ کی ہدایات کا جائزہ
میٹنگ میں آل ہینڈز میٹنگ کے بعد ڈپٹی کمشنر کی طرف سے دی گئی ہدایات کی تعمیل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کلکٹریٹ سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ایک ہی دن تمام ضروری دستاویزات دستیاب ہوں۔
جھارکھنڈ کی مکھیہ منتری میّاں سمان یوجنا کا جائزہ
میٹنگ میں، ڈپٹی کمشنرنے ریاستی حکومت کی مہتواکانکشی جھارکھنڈ مکھیہ منتری میّاں سمان یوجنا کا بھی جائزہ لیا۔اسسٹنٹ ڈائرکٹر، سوشل سیکورٹی نے بتایا کہ رکھشا بندھن پر اسکیم کے تحت تمام مستحقین کو جولائی کے مہینے کی اعزازی رقم فراہم کرنے کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مکھیہ منتری میّاں سمان سے سواولمبن” اسکیم کا بھی جائزہ لیا اور جے ایس ایل پی ایس کو ہدایت دی کہ زیادہ سے زیادہ استفادہ کنندگان کو اس سے جوڑیں۔
اراضی تنازعات کے مقدمات کی انجام دہی میں احتیاط برتنے کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر-کم-ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ منجوناتھ بھجنتری نے جنتا دربار میں اراضی تنازعہ سے متعلق مقدمات کی انجام دہی میں خاص طور پر محتاط رہنے کی ہدایت دی، تاکہ عمل درآمد منصفانہ اور شفاف طریقے سے ہو۔اس کے ساتھ انہوں نے کلکٹریٹ احاطے کی صفائی، بلاک سطح کے عہدیداروں اور ملازمین کے شناختی کارڈ، ڈی ایم ایف ٹی کے ذریعہ کئے گئے کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات دیں۔



