امتحانات اور تہواروں کے پیشِ نظر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 07؍ جنوری:سالانہ امتحانات، رمضان، عید اور ہولی کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات (نکائے چناؤ) کی ممکنہ تاریخ مارچ کے آخری ہفتے یا اپریل میں رکھنے کے سلسلے میں ریاستی الیکشن کمیشن، حکومت جھارکھنڈ کے چیف سکریٹری اور رانچی ڈی سی سے ایک وفد نے ملاقات کی۔ واضح رہے کہ فروری کے پہلے ہفتے میں جیک (JAC) بورڈ کے سالانہ امتحانات اور فروری ہی میں سی بی ایس ای/آئی سی ایس ای (CBSE/ICSE) بورڈ کے امتحانات ہونے کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں، 18 فروری سے 18 مارچ تک رمضان المبارک کا مہینہ اور عید ہے، جبکہ 4 مارچ کو ہولی کا تہوار ہے۔ ان تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے، الیکشن کمیشن سے گزارش کی گئی ہے کہ 08/01/2026 کو ہونے والی اپنی اہم میٹنگ میں اس موضوع پر غور کرتے ہوئے ٹھوس فیصلہ کیا جائے اور امتحانات و تہواروں کے بعد ہی بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ وفد میں خاص طور پر جھارکھنڈ تحریک کار و سابق وارڈ کونسلر جاوید اختر، ڈورنڈا وارڈ 45 کے سماجی کارکن محمد عمران رضا، وارڈ 44 کے سماجی کارکن افتخار حسن عرف ببر، میٹروپولیٹن کانگریس کے نائب صدر طارق مجیبی اور محمد دانش شامل تھے۔



