Monday, January 12, 2026
ہومJharkhandبابائے جھارکھنڈ شیبو سورین کی 82 ویں سالگرہ:

بابائے جھارکھنڈ شیبو سورین کی 82 ویں سالگرہ:

اسپیکر رویندر مہتو کو ڈاکٹر جمال احمد نے تحقیقی کتاب کا تحفہ پیش کیا

جدید بھارت نیو زسروس
رانچی،11؍ جنوری:جھارکھنڈ کے عظیم سپوت، سابق وزیر اعلیٰ اور ’’بابائے جھارکھنڈ‘‘ کے لقب سے معروف شیبو سورین کے 82ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ایک وقار آمیز اور یادگار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر جھارکھنڈ لوک سیوا کمیشن کے معزز رکن، معروف محقق و مؤلف ڈاکٹر جمال احمد نے جھارکھنڈ ودھان سبھا کے اسپیکر رویندر مہتو کو اپنی شہرۂ آفاق اور تحقیقی نوعیت کی کتاب ’’بابائے جھارکھنڈ شیبو سورین دانشوروں کی نظر میں‘‘ بطورِ تحفہ پیش کی۔ کتاب کی پیش کش کو قبول کرتے ہوئے رویندر مہتو اسپیکر جھارکھنڈ ودھان سبھا نے ڈاکٹر جمال احمد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ تصنیف محض ایک شخصیت کا تعارف نہیں بلکہ جھارکھنڈ کی سیاسی، سماجی اور ثقافتی تاریخ کا ایک مستند دستاویزی بیان ہے، جس میں شیبو سورین کی جدوجہد، عوامی خدمات اور قبائلی حقوق کے لیے ان کی بے مثال قربانیوں کو ملک کے ممتاز علما، ڈاکٹر، پروفیسرز اور صحافیوں نے اپنے اپنے زاویۂ نظر سے قلم بند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کتاب کا مقصد نئی نسل کو بابائے جھارکھنڈ کے افکار و خدمات سے روشناس کرانا ہے تاکہ عوامی جدوجہد کی صحیح روح زندہ رہ سکے۔
انہوں نے کتاب کا مطالعہ کرنے کے بعد مزید اس پر اپنے تعریفی تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ کتاب شیبو سورین کی ہمہ جہت شخصیت کو سمجھنے کے لیے ایک نہایت اہم اور قابلِ قدر علمی دستاویز ہے۔‘‘ انہوں نے کتاب میں شامل ملک گیر پیمانے پر خدمات انجام دینے والے علما، دانشورانِ ملت، ڈاکٹر، پروفیسرز اور سینئرصحافیوں کے مضامین کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف مکتبۂ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے خیالات نے اس تصنیف کو فکری وسعت اور تحقیقی گہرائی عطا کی ہے۔رویندر مہتو نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ اس اہم کتاب کا جلد از جلد ہندی اور دیگر علاقائی زبانوں میں ترجمہ کیا جانا چاہیے تاکہ جھارکھنڈ ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے قارئین بابائے جھارکھنڈ شیبو سورین کی جدوجہد اور خدمات سے بھرپور طور پر واقف ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شیبو سورین نے جس استقامت، دیانت اور عوامی وابستگی کے ساتھ جھارکھنڈ کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کیا، وہ قومی سطح پر اعتراف کا تقاضا کرتی ہے۔اس موقع پر اسپیکر موصوف نے پرزور انداز میں یہ اپیل بھی کی کہ بابائے جھارکھنڈ شیبو سورین کو ان کی طویل عوامی خدمات، قبائلی حقوق کے تحفظ اور ریاست جھارکھنڈ کی تشکیل میں تاریخی کردار کے پیشِ نظر ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ’’بھارت رتن‘‘ سے نوازا جانا چاہیے۔تقریب خوشگوار اور فکری ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں یہ احساس نمایاں تھا کہ ایسی تحقیقی اور فکری کاوشیں نہ صرف شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں بلکہ تاریخ کو محفوظ کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات