مالی سال 2025-26 میں صحت مراکز اور تشخیصی سہولیات کی توسیع پر خرچ ہوگا
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 9 مارچـ۔ جھارکھنڈ حکومت کے محکمہ صحت، طبی تعلیم و خاندانی بہبود نے ریاست کی صحت خدمات کو مزید مستحکم بنانے کی سمت ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ محکمہ نے 15ویں مالیاتی کمیشن کی سفارشات کے تحت مالی سال 2025-26 کیلئے مجموعی طور پر 516 کروڑ 70 لاکھ روپے کی صحت سے متعلق مختلف منصوبوں پر خرچ کرنے کی نظرثانی شدہ منظوری دے دی ہے۔
مرکزی حکومت کی انتظامی منظوری کے بعد فیصلہ
اس سلسلے میں جاری حکم نامے کے مطابق محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اجے کمار سنگھ نے بتایا کہ یہ رقم صحت کے شعبے کی کئی اہم اسکیموں اور ترقیاتی منصوبوں پر صرف کی جائے گی۔ اس سے قبل 25 فروری 2026 کو حکومت ہند کی وزارت صحت و خاندانی بہبود نے اس منصوبے کو انتظامی منظوری فراہم کر دی تھی۔
تشخیصی سہولیات کی توسیع پر سب سے زیادہ خرچ
منظور شدہ بجٹ کے تحت سب سے زیادہ رقم صحت مراکز میں تشخیصی سہولیات کو مضبوط بنانے کیلئے مختص کی گئی ہے۔ ذیلی صحت مراکز کیلئے 190 کروڑ 51 لاکھ روپے جبکہ پرائمری ہیلتھ سینٹروں میں جانچ کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے 116 کروڑ 58 لاکھ روپے کا بندوبست کیا گیا ہے۔
نئے صحت مراکز کی عمارتوں کی تعمیر
اس کے علاوہ ذیلی صحت مراکز، پرائمری ہیلتھ سینٹر اور کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کی عمارتوں کی تعمیر کیلئے 113 کروڑ 22 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ دیہی علاقوں کے ذیلی صحت مراکز اور پرائمری ہیلتھ سینٹروں کو آیوشمان آروگیہ مندر میں تبدیل کرنے کیلئے 11 کروڑ 74 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
شہری صحت خدمات کو بھی تقویت
حکومت نے شہری علاقوں کی صحت خدمات کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا ہے۔ اس مقصد کیلئے شہری صحت و بہبود مراکز کیلئے 77 کروڑ 80 لاکھ روپے جبکہ شہری پرائمری ہیلتھ سینٹروں میں تشخیصی سہولیات کی توسیع کیلئے 4 کروڑ 97 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بلاک سطح پر پبلک ہیلتھ یونٹوں کے قیام اور ان کی مضبوطی کیلئے 1 کروڑ 86 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
طبی آلات کی خریداری کا منصوبہ
اس منصوبے کے تحت مختلف صحت مراکز کیلئے کلینیکل مائیکروسکوپ، ڈیجیٹل گلوکومیٹر، ہیموگلوبینو میٹر اور ایکس رے مشین جیسے ضروری طبی آلات کی خریداری کی جائے گی۔ ان آلات کی خریداری کی ذمہ داری جھارکھنڈ میڈیکل اینڈ ہیلتھ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ اینڈ پروکیورمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کو سونپی گئی ہے۔



