خون عطیہ کو عوامی تحریک بنائیں: گورنر سنتوش گنگوار
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ،12؍جنوری: گورنر سنتوش کمار گنگوار کی ہدایت پر انڈین ریڈ کراس سوسائٹی، جھارکھنڈ برانچ کی جانب سے آج یگ پورش اور عظیم فلسفی سوامی وویکانند جی کے یومِ پیدائش (قومی یومِ نوجوانان) کے موقع پر لوک بھون، رانچی میں واقع برسا منڈپ میں ’بلڈ ڈونیشن کیمپ‘ کا انعقاد کیا گیا۔گورنر موصوف نے کیمپ کے افتتاح سے قبل سوامی وویکانند جی کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سوامی وویکانند جی کے خیالات آج بھی نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور انسانی خدمت ہی سچی خدا پرستی ہے۔ گورنر نے خون کے عطیہ کو اعلیٰ ترین انسانی اور نیک کام قرار دیتے ہوئے کہا کہ وقت پر خون دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے کئی بار قیمتی جانیں خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔ ایسی صورت میں خون کے عطیہ جیسے خدمت کے کام کو عوامی تحریک کی شکل دینا انتہائی ضروری ہے تاکہ ریاست میں ہر بلڈ گروپ کی کافی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جانب سے برسوں سے غیر فعال جھارکھنڈ ریڈ کراس سوسائٹی کو فعال اور مؤثر بنانے کی سمت میں مسلسل کوششیں کی گئی ہیں اور توقع ہے کہ یہ ادارہ معاشرے میں خدمت، اعتماد اور حساسیت کی ایک مضبوط مثال پیش کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جلد ہی ریاست کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں بھی خون کے عطیہ کے کیمپ منعقد کیے جائیں گے۔گورنر موصوف نے خصوصی طور پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ خون کے عطیہ کو ایک دن کا پروگرام نہیں بلکہ زندگی بھر کی ذمہ داری کے طور پر اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہر صحت مند نوجوان سال میں تین بار بھی خون کا عطیہ دے تو ریاست میں خون کی کوئی کمی نہیں رہے گی اور اس سے کسی قسم کی تکلیف بھی نہیں ہوتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ پڑوسی ممالک میں اعضاء کے عطیہ کو بڑے پیمانے پر اپنایا گیا ہے؛ لہٰذا خون کے عطیہ کے حوالے سے کسی بھی قسم کی ہچکچاہٹ محسوس نہ کرتے ہوئے اس سمت میں مزید بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔ گورنر نے یہ بھی ذکر کیا کہ وہ خود بھی ماضی میں باقاعدگی سے خون کا عطیہ دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی فعال شرکت سے ہی وزیر اعظم کے ’وکست بھارت @2047‘ کے عزم کو پورا کیا جا سکتا ہے اور جذبہِ خدمت سے دیا گیا خون کا عطیہ اس سمت میں ایک اہم قدم ہے۔گورنر موصوف نے بلڈ ڈونیشن کیمپ کے انعقاد پر جھارکھنڈ ریڈ کراس سوسائٹی، رضاکاروں، ڈاکٹروں، طلباء اور تمام معاون اداروں کی ستائش کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ تقریب معاشرے میں خدمت اور حساسیت کا ایک مضبوط پیغام دے گی۔ انہوں نے تمام لوگوں سے یہ عہد کرنے کی اپیل کی کہ جھارکھنڈ میں خون کی کمی کی وجہ سے کوئی بھی شخص اپنی جان نہ گنوائے۔ انہوں نے آج لوک بھون میں منعقدہ اس کیمپ میں خون کا عطیہ دینے والے تمام 406 افراد کو مبارکباد دی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے گورنر کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر نتن کلکرنی نے کہا کہ گورنر کی ہدایت پر جھارکھنڈ ریڈ کراس سوسائٹی کی مؤثر طریقے سے تشکیل نو کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں زیادہ سے زیادہ خون کے عطیات کو یقینی بنانے کے مقصد سے یہ کیمپ منعقد کیا گیا ہے۔ قومی یومِ نوجوانان کے موقع پر منعقدہ اس کیمپ میں نوجوانوں میں خاصا جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔شکریہ ادا کرتے ہوئے انڈین ریڈ کراس سوسائٹی، جھارکھنڈ برانچ کے چیئرمین وجے کمار سنگھ نے کہا کہ گورنر کی تحریک سے ریڈ کراس سوسائٹی کی شاخیں پوری ریاست میں فعال طور پر کام کر رہی ہیں اور تقریباً تمام اضلاع میں بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کیے گئے ہیں۔مذکورہ کیمپ میں گورنر کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر نتن کلکرنی، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ٹریننگ اینڈ ماڈرنائزیشن) محترمہ سمن گپتا، گورنر کے اے ڈی سی میجر نوین دھتروال، انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے ممبران سمیت مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء اور رضاکاروں نے خون کا عطیہ دیا۔



