ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت اور سی بی آئی کو نوٹس جاری کیا
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 11 اپریل:۔ جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے 34ویں قومی کھیل گھپلہ کیس کے سی بی آئی گواہ پنکج یادو کی جانب سے دائر کرمنل رٹ پٹیشن پر سماعت کی۔ جسٹس رنگن مکھوپادھیائے کی عدالت نے اس معاملے میں سی بی آئی اور ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔ عدالت نے معاملے کی اگلی سماعت دو ہفتوں کے بعد مقرر کی ہے۔ درخواست گزار نے باریاتو تھانہ میں اپنے خلاف درج ایف آئی آر کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل راجیو کمار نے عدالت کو بتایا کہ پنکج یادو اس اہم گھپلے میں سی بی آئی کے گواہ ہیں، لیکن انہیں گواہی سے روکنے کے لیے اس وقت کے پولیس حکام کی ایماء پر ایک سازش رچی گئی ہے۔ وکیل نے الزام لگایا کہ ‘جھارکھنڈ اگینسٹ کرپشن ‘ کے لیٹر پیڈ کے غلط استعمال کا جھوٹا الزام لگا کر ان کے خلاف 2025 میں ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔ عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ متعلقہ افسران کی جانب سے گواہ کو ہراساں کیا جا رہا ہے، جبکہ سی بی آئی نے ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود خصوصی عدالت میں اپنی رپورٹ پیش نہیں کی ہے۔



