301 اسسٹنٹ ٹیچروں کو تقرری نامے دے کر وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کیا اعلان
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 16 ستمبر:۔ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین آج جھارکھنڈ سکریٹریٹ میں منعقدہ تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے، جہاں نو تعینات گریجویٹ تربیت یافتہ اسسٹنٹ ٹیچرز (ریاضی و سائنس) اور ضلع گوڈا کے انٹر ٹرینڈ اسسٹنٹ ٹیچرز (درجہ اول تا پنجم) کو تقرری نامے تقسیم کیے گئے۔ وزیر اعلیٰ نے ریاضی و سائنس کے 131 اور ضلع گوڈا کے 170 انٹر ٹرینڈ اسسٹنٹ ٹیچرز کے درمیان تقرری نامے تقسیم کیے۔ اس سے قبل بھی وزیر اعلیٰ نے بڑی تعداد میں اسسٹنٹ ٹیچرز کی تقرری کی تھی، اور اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے آج مزید 301 اساتذہ کی تعیناتی کی گئی ہے۔ ریاست میں مزید 26 ہزار اساتذہ کی اسامیوں کے لیے بھرتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت پرائمری، سیکنڈری، ڈگری، انجینئرنگ، میڈیکل اور دیگر اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں نمایاں کام کر رہی ہے۔
کوالٹی ایجوکیشن پر زور
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کہا کہ ایک وقت تھا جب بچے کاپی کے بجائے سلیٹ استعمال کرتے تھے، لیکن آج ہر چیز ڈیجیٹل ہوتی جا رہی ہے۔ تعلیمی میدان میں بھی بلیک بورڈ کی جگہ ڈیجیٹل بلیک بورڈز نے لے لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تعلیم کے شعبے میں ترقی کے لیے اپنی رفتار تیز کرنی ہوگی۔ کچھ مسائل کی وجہ سے ریاست تعلیم کے میدان میں توقعات کے مطابق آگے نہیں بڑھ سکی، لیکن حکومت کوالٹی ایجوکیشن کے تمام ممکنہ پہلوؤں کو شامل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
سی ایم ایکسیلنس اسکولوں کے ذریعے معیاری تعلیم
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب “سی ایم ایکسیلنس اسکولز” کا آغاز کیا گیا، تو کئی والدین نے اپنے بچوں کا داخلہ نجی اسکولوں سے ختم کر کے سرکاری اسکولوں میں کروایا، کیونکہ ان کی مالی حالت پرائیویٹ اسکولوں کے اخراجات برداشت کرنے کی اجازت نہیں دیتی تھی۔اسی لیے حکومت نے معیاری تعلیم کے لیے ان اسکولوں کا آغاز کیا۔اگرچہ ان اسکولوں میں مزید بہتری کی گنجائش ہے، حکومت ان میں جدید سہولیات کو شامل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اور یہ عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
بہتر تعلیم کے لیے اساتذہ تجاویز دیں
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ ریاست کے سرکاری اسکولوں کو نجی اسکولوں کے معیار کے مطابق بنایا جائے۔ ریاست میں اساتذہ کی ایک بڑی تعداد موجود ہے، اور اگر اساتذہ کی جانب سے بہتر تعلیم کے لیے کوئی تجویز دی جاتی ہے تو حکومت اس پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔اس موقع پر وزیر سنجے پرساد یادو، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اویناش کمار، ایجوکیشن سکریٹری اوماشنگر سنگھ، پراجیکٹ ڈائریکٹر ششی رنجن، پرائمری ایجوکیشن ڈائریکٹر منوج رنجن سمیت بڑی تعداد میں نو تعینات اسسٹنٹ ٹیچرز اور ان کے اہل خانہ موجود تھے۔



