جدید بھارت نیوز سروس
ہزاریباغ،4؍اپریل: ضلع کے چو پارن بلاک کے علاقے میں گیس کی تقسیم میں بے ضابطگیوں اور کالابازاری کی مسلسل مل رہی شکایات کے بعد انتظامیہ نے سخت رخ اختیار کیا ہے۔ ای ٹی وی بھارت نے اس خبر کو بڑی ہی اہمیت کے ساتھ شائع کیا تھا، جس کے بعد انتظامی عہدیداروں نے گیس ایجنسیوں کا اچانک معائنہ کیا ہے۔ اس دوران کئی بے ضابطگیاں پائی گئیں اور 18 خالی گیس سلنڈر ضبط کیے گئے ہیں۔
جمعہ کی دیر شام ضلع سپلائی آفیسر مرلی یادو کی قیادت میں ٹاسک فورس نے گیس ایجنسیوں کا اچانک معائنہ کیا۔ اس کارروائی کے دوران کل 18 خالی گیس سلنڈر ضبط کیے گئے، جس سے علاقے میں کھلبلی مچ گئی۔ معلومات کے مطابق، ڈی ایس او نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر بسریہ کے رہائشی پنٹو سونی کے گھر چھاپہ مار کر 13 خالی گیس سلنڈر اور چو پارن کے رہائشی امیش کیسری کے گھر سے 5 خالی گیس سلنڈر ضبط کیے ہیں۔ ضبط شدہ تمام سلنڈروں کو فی الحال تھانے میں محفوظ رکھا گیا ہے۔ متعلقہ افراد کو سلنڈروں کے قانونی کاغذات پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی وارننگ دی گئی ہے۔
گیس ایجنسی آپریٹرز کے طریقہ کار پر برہمی
معائنے کے دوران ڈی ایس او نے گیس ایجنسیوں کے آپریٹرز کے طریقہ کار پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ قواعد کے مطابق ہر گیس ایجنسی کے لیے روزانہ دفتر کھولنا لازمی ہے اور اسٹاک کی معلومات ڈسپلے بورڈ پر ظاہر کرنی ہوتی ہے۔ تاہم، جانچ کے دوران دیویشیکا گیس ایجنسی میں یہ انتظام نہیں پایا گیا، جو کہ قواعد کی خلاف ورزی ہے۔
وہیں ایچ پی گیس ڈسٹری بیوٹر کے گودام کا تالاکھلوا کر جانچ کی گئی اور پورے معاملے کی تفصیلی رپورٹ تیار کر کے اعلیٰ حکام کو بھیجنے کی بات کہی گئی۔ ڈی ایس او نے دیویشیکا ایچ پی گیس ایجنسی کے آپریٹر سے فون پر بات چیت کر کے ایک ماہ میں صرف دو بار گیس کی سپلائی ہونے پر سوال اٹھایا، جس پر تسلی بخش جواب نہیں مل سکا۔
گیس سپلائرز کے ساتھ ڈی ایس او کریں گے میٹنگ
ڈی ایس او نے واضح کیا کہ جلد ہی بلاک کے تمام گیس سپلائرز کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جائے گی، جس میں سلنڈر کی تقسیم کے نظام کو شفاف اور منظم بنانے پر تبادلہ خیال ہوگا۔ اس کارروائی میں سی او سنجے یادو، ایم او وکرم پانڈے سمیت پولیس فورس کی فعال موجودگی رہی۔ انتظامیہ کی اس سختی سے گیس کی کالا بازاری پر لگام لگنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔



