جدید بھارت نیوز سروس
دھنباد، 29 مئی:۔ جھارکھنڈ کے دھنباد سمیت 11 اضلاع کے 108 ایمبولینس ملازمین آج رات 12:00 بجے سے ہڑتال پر جائیں گے۔ دھنباد کے 108 ایمبولینس ملازمین نے یہ اعلان کیا ہے۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ چھ نکاتی مطالبات پر ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دھنباد میں تقریباً 37 ایمبولینسیں چل رہی ہیں، جن میں تقریباً 150 ملازمین کام کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے 108 ایمبولینس کے ڈرائیور راہل کمار نے بتایا کہ چار ماہ قبل آؤٹ سورسنگ کمپنی سمان فاؤنڈیشن آئی ہے جو ملازمین کو برابر تنخواہ نہیں دے رہی۔ تنخواہ من مانی دی جاتی ہے۔ نیز تنخواہ بھی بروقت ادا نہیں کی جاتی اور نہ ہی مناسب سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ جس کی وجہ سے ملازمین میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور اب وہ غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر مجبور ہیں۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ جب تک چھ نکاتی مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے ہڑتال جاری رہے گی۔ کسی کی دو ماہ کی تنخواہ باقی ہے اور کسی کی تین سے چار ماہ کی تنخواہ باقی ہے۔ اس کے علاوہ EPF اور ESIC کی سہولت بھی نہیں دی جاتی ہے۔ نہ ہی کسی ملازم کو جوائننگ لیٹر موصول ہوا ہے۔ وہ صرف کام کروا رہے ہیں۔ دوسری جانب ایمبولینس عملے کی ہڑتال کے باعث مریضوں کی مشکلات سے متعلق سوال کے جواب میں ایمبولینس ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ ان کے مسائل کی ذمہ دار حکومت ہے۔ ہمارا بھی ایک خاندان ہے اور خاندان کا پیٹ پالنا ہماری ذمہ داری ہے۔ حکومت اور کمپنی ہمارے مطالبات پر توجہ نہیں دے رہی۔ اسی وجہ سے ہم نے ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج رات 12:00 بجے سے شروع ہونے والی ہڑتال میں کل 11 اضلاع شامل ہیں۔ جس میں دھنباد، گریڈیہ، بوکارو، کوڈرما، جامتارا، دیوگھر، دمکا کے ایمبولینس عملہ ہڑتال پر رہے گا۔



