کیمپ میں 305 بچوں کی اسکریننگ؛ امرتا ہسپتال کوچی کی ٹیم نے انجام دیے فرائض
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 11 اپریل:۔ صدر ہسپتال رانچی میں پیدائشی امراض قلب سے متعلق منعقدہ دو روزہ خصوصی طبی جانچ کیمپ ہفتہ کے روز اختتام پذیر ہو گیا۔ یہ کیمپ نیشنل ہیلتھ مشن جھارکھنڈ کے تحت راشٹریہ بال سوستھیہ پروگرام اور امرتا ہسپتال کوچی کے مشترکہ تعاون سے لگایا گیا تھا۔ دو دنوں کے دوران کل 305 بچوں کی رجسٹریشن اور اسکریننگ کی گئی، جس میں سے 101 بچوں میں سرجری کی ضرورت پائی گئی۔ ان تمام بچوں کو جلد ہی امرتا ہسپتال کوچی منتقل کیا جائے گا، جہاں ان کے دل کی مفت سرجری کی جائے گی۔ کیمپ میں امرتا ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم، بشمول ڈاکٹر آر کرشنا کمار، ڈاکٹر برجیش پی کے اور ڈاکٹر نشانت نے بچوں کا معائنہ کیا۔ سول سرجن رانچی ڈاکٹر پربھات کمار نے کیمپ کے کامیاب انعقاد پر کوچی سے آئی طبی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اسٹیٹ نوڈل آفیسر ڈاکٹر وجے کشور رجک اور کنسلٹنٹ مکیش کمار بھی موجود تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد متاثرہ بچوں کی بروقت شناخت کر کے انہیں نئی زندگی فراہم کرنا ہے۔



